گھٹن زدہ ماحول کے خاتمے کیلئے مزید بہتری کے امکانات ہیں،فاروق حیدر

مظفرآباد(محاسب نیوز)سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و پارلیمانی لیڈر مسلم لیگ ن راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے اندر سیاسی عمل کی بحالی سے معمولات زندگی میں تبدیلی واضح نظر آرہی ہے، گھٹن زدہ ماحول کے خاتمے کے لئے آزاد کشمیر میں مذید بہتری کے امکانات ہیں، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں اور سیاسی کارکنوں کا کردار ختم نہیں کیا جا سکتا، قیام پاکستان سے لیکر اب تک ہر تبدیلی سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہوئی ہے، پیپلزپارٹی سے سیاسی اختلاف ہے لیکن اسے انتشاری جماعت کا گروہ نہیں سمجھتا، اس کی جمہوری نظام کے لئے بہت خدمات ہیں، آزاد کشمیر کا خطہ حساس ہونے کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی اور قومی مفادات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس کی سٹرٹیجک حیثیت بار بار کے تجربات کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے، موجودہ نظام کی بقاء اور تحفظ میں ہی سیاسی سیاسی جماعتوں کی بقاء کارفرما ہے، سیاسی حکومت کے پاس اپنی اہمیت اور جوازیت ثابت کرنے کا شاید یہ آخری موقع ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے حلقہ انتخاب کی یونین کونسل کھلانہ لائن آف کنٹرول کے نزدیکی علاقہ چارسدہ کھلانہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے بڑے وفد کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کررہے تھے، اس موقع پر ممبر مجلس عاملہ مرزا آصف، خالد میر، الطاف گورسی بھی موجود تھے، نئے شامل ہونے والوں میں چوہدری محمد اشفاق، چوہدری اظہر مشتاق، چوہدری محمد قاسم، چوہدری محمد شفیع، چوہدری صدر الدین، محمد فاروق، شوکت صادق، حارث منیر، بشارت سلام، صداقت صدیق، ہارون خالق ودیگر نے پیپلزپارٹی کو چھوڑکر نواز شریف اور راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
ہ



