ڈی جی صحت کے اہم فیصلے، نظامت کے دفاتر شام کو بھی کھلے رہیں گے
مظفرآباد (محاسب نیوز) ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ آزاد جموں و کشمیر، پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی کے ویژن کے مطابق عوامی مفاد اور ریاست بھر میں صحت کی سہولیات کی بروقت و معیاری فراہمی یقینی بنانے کے لیے اہم انتظامی فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں دفتر نظامتِ اعلیٰ صحت عامہ میں باقاعدہ طور پر ایوننگ شفٹ قائم کر دی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد سرکاری امور اور فائل ورک کو بغیر کسی تعطل کے جاری رکھنا ہے، تاکہ صحت عامہ کے محکمے کے ملازمین اور عام شہریوں کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ نے کہا کہ محکمہ صحت میں عوامی خدمات کی فراہمی کو تیز تر اور زیادہ مؤثر بنانے کے لیے جدید اور فعال نظام کا قیام ناگزیر ہے۔ ایوننگ شفٹ کے ذریعے جہاں انتظامی معاملات میں بہتری آئے گی، وہیں ضلعی و تحصیل سطح پر صحت سے متعلقہ مسائل کے حل کی رفتار بھی مزید بڑھ جائے گی۔ عوام کی سہولت اور مریضوں کی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے دفتر نظامتِ اعلیٰ صحت عامہ میں ریاست گیر پیشنٹ کمپلین سیل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ کمپلین سیل آزاد کشمیر بھر کے مریضوں کے لیے فعال خدمات فراہم کرے گا۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ریاست کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد مریضوں کو علاج و معالجہ میں کسی قسم کی رکاوٹ، دشواری یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں صحت کی تمام سہولیات بہترین معیار کے مطابق مہیا ہوں۔ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت عوام کی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا اور صحت کی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے عملی و نتیجہ خیز اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ہا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہا کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس صاحبان کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ عوامی شکایات اور مریضوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور کمپلین سیل کی کارکردگی کو ہر سطح پر فعال اور مؤثر رکھا جائے۔
ب




