مظفرآباد

ہٹیاں بالا‘ جماعت اہل سنت کی تحصیل انتظامیہ نے حلف اٹھا لیا

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)جماعت اہل سنت تحصیل ہٹیاں بالا کی تنظیم سازی کے بعد نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری، جامعہ غوثیہ، گیلانیہ ندول شریف میں منعقد، امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے ضلعی صدر قاری محمد عارف عباسی کی موجودگی میں تحصیل ہٹیاں بالا کے نومنتخب عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ تقریب کی صدارت ضلعی صدر جماعت اہل سنت ضلع جہلم ویلی قاری محمد عارف عباسی نے کی جبکہ امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر علامہ سید محمد اسحاق نقوی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا عاقب عباسی، قاری فداء الرحمان، مولانا عرفان احمد، مولانا اجمل اعوان، مولانا راجہ احتشام سمیت ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے تحصیل ہٹیاں بالا کے نومنتخب عہدیداران میں مولانا سید سفیر حسین کاظمی صدر، مولانا فرخ محمود ترابی سینئر نائب صدر، حافظ راجہ محمد آفاق نائب صدر اول، صاحبزادہ محمد آفتاب نائب صدر دوم، قاری خالد حسین نیازی جنرل سیکرٹری، مولانا سید شفاعت کاظمی ڈپٹی جنرل سیکرٹری، صاحبزادہ سید عابد گیلانی چیف آرگنائزر، حافظ محمد امجد ضیاء ڈپٹی آرگنائزر، خواجہ ضیاء الحق چشتی سیکرٹری نشر و اشاعت جبکہ حافظ جاوید مغل، قاری جمیل ترابی، امجد ملک اور محمد مشتاق نے بطور ممبران مجلسِ عاملہ اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے کہا کہ جماعت اہل سنت ایک نظریاتی، فکری اور اصلاحی تحریک ہے جو عشق مصطفیٰ ﷺ، تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ، اتحادِ امت، فروغِ علمِ دین اور خدمتِ انسانیت کے عظیم مقصد کے تحت سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو تلقین کی کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھیں، نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور فرقہ واریت کے خاتمے، امن، اخوت اور رواداری کے فروغ کے لیے منظم کردار ادا کریں۔ضلعی صدر قاری محمد عارف عباسی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جماعت اہل سنت ضلع جہلم ویلی اور تحصیل ہٹیاں بالا میں تنظیمی احیاء کے بعد عوامی رابطہ مہم، دینی اجتماعات، تربیتی نشستوں اور اصلاحی پروگراموں کا باقاعدہ آغاز کرے گی تاکہ دین اسلام کا پیغام محبت، برداشت اور خیرخواہی کے ساتھ ہر طبقے تک پہنچایا جا سکے۔ نومنتخب عہدیداران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مسلکِ حق اہل سنت و جماعت کے فروغ، اتحاد و یکجہتی اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے منظم، فعال اور خدمتِ خلق پر مبنی جدوجہد جاری رکھیں گے، اس موقع پر جماعت اہل سنت کے عہدیداران نیسرپرست اعلی جماعت اہل سنت صاحبزادہ پیر سید ارشد حسین گیلانی کو ہدیہ تبریک پیش کیا کہ جامعہ غوثیہ گیلانیہ ضیاء العلوم میں منعقدہ تقاریب صاحبزادہ پیر سید ارشد حسین گیلانی کی دینی، تعلیمی اور اصلاحی خدمات کا عملی مظہر ہیں، نومنتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صاحبزادہ پیر سید ارشد حسین گیلانی کی سرپرستی اور امیر جماعت علامہ سید محمد اسحاق نقوی کی امارات میں جماعت اہل سنت ضلع جہلم ویلی اور تحصیل ہٹیاں بالا میں دین اسلام کے پیغام کو محبت، اتحاد اور خیرخواہی کے ساتھ عام کرتی رہے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Related Articles

Back to top button