جنگلات اراضی پرقبضہ کی شکایت ملی تو کمپرومائز نہیں کیا جائے گا‘کمشنر میرپور

میرپور (بیورو رپورٹ)کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان کی سربراہی میں ڈویژن میرپور کے محکمہ مال پولیس، جنگلات اور فوڈ اتھارٹی کے افسران کے دو الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے جس میں ڈپٹی کمشنر میرپور راجہ محمد صداقت خان، ایس ایس پی خرم اقبال، ناظم جنگلات راجہ زاہد حسین خان، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وفوڈسیفٹی آفیسرعدنان علی نقوی،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز، ایس ایس پی راجہ اکمل خان، ڈپٹی کمشنر کوٹلی راجہ عمران شاہین، محکمہ جنگلات، مال اور فوڈ اتھارٹی کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ کے فیصلے جات کی روشنی میں جنگلات کے رقبہ جات پر ناجائز قابضین کی واگزار ی کے حوالے سے عملدرآمد کرنے کے بارے میں ہدایات دی گئی جبکہ ڈویژن کے تینوں اضلاع میں فوڈ کوالٹی کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئیں، کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے جملہ ڈپٹی کمشنرز صاحبان اور محکمہ جنگلات کے ضلعی افسران کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے اپنے ایریا میں جنگلات کے رقبہ جات پر کسی قسم کا قبضہ نہ ہونے دیں اس سلسلہ میں اگر شکایت ملی تو اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا جبکہ ناظم جنگلات ڈویژن میرپور پرانے قبضہ جات کے حوالے سے رپورٹ مرتب کریں گے اور واگزاری کے لئے مکمل پلان تیار کریں گے ناجائز قابضین سے جنگلات کے رقبہ جات کی واگزاری کے حوالے سے انتظامیہ اور پولیس بھرپور معاونت کرئے گی۔کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے ڈویژن بھر میں اشیاء خوردونوش کے معیار کو قائم رکھنے کے لئے ہدایات دیں اور کہاکہ جن اشیاء پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے فروخت پر پابندی ہے وہ کسی صورت مارکیٹ میں اشیاء نہیں آنی چاہیے، رمضان المبارک سے قبل تمام اشیاء ضروریہ کی عام آدمی تک فراہمی کے لیے اپنے اپنے ضلع اور تحصیل کی سطح پر سستے بازاروں کا انعقاد عمل میں لایا جائے یہ سارے بازار رمضان المبارک سے پہلے فنکشنل ہونے چاہیے تاکہ روز مرہ کے استعمال کی اشیاء عوام الناس کو سستے داموں دستیاب ہوسکیں۔



