گڑھی دوپٹہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران نے حلف اٹھالیا

گڑھی دوپٹہ (نمائندہ خصوصی)پریس کلب گڑھی دوپٹہ کی نومنتخب باڈی برائے سال 2026 کی تقریبِ حلف برداری مورخہ 8 فروری 2026 کو منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن آزاد کشمیر سردار ذوالفقار علی اور سینئر صحافی، کالم نگار و تجزیہ نگار جاوید ہاشمی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔وائس چیئرمین پریس فاونڈیشن آزادکشمیر سردار ذوالفقار علی نے پریس کلب گڑھی دوپٹی کی نو منتخب باڈی سال 2026 سے حلف لیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن آزاد کشمیر سردار ذوالفقار علی نے کہا کہ پریس کلب گڑھی دوپٹہ ریاست کے قدیم اور تاریخی پریس کلبوں میں شمار ہوتا ہے، اور پریس فاؤنڈیشن کا اگلا اہم قدم اسے ریاست میں سب سے پہلے باقاعدہ رجسٹریشن کے عمل تک لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ گڑھی دوپٹہ کے صحافیوں سے ان کا آج کا خطاب شعبہ? صحافت کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سردار ذوالفقار علی نے مزید کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران جن عناصر نے پریس کلب کی جمہوری روایات کے خلاف بغاوت کی، صحافت کی تاریخ انہیں سیاہ حروف میں لکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی صورت صحافت کے مقدس شعبے میں ناانصافی اور ذاتی مفادات کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے نومنتخب باڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صحافیوں کو تلقین کی کہ وہ صحافت کو فرضِ عین سمجھ کر دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں۔اس موقع پر صدر پریس کلب گڑھی دوپٹہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جلد ہی آئینی باڈی کی باقاعدہ تقریبِ حلف برداری منعقد کی جائے گی، جس میں علاقے کی تمام مقتدر قوتوں کو مدعو کیا جائے گا، اور پریس کلب کی فعالی اور استحکام کے لیے ان سے عملی تعاون کی اپیل کی جائے گی۔



