اپر مانکپیاں سنگین واردات‘چور بجلی کی مین لائن سے تاریں لے اڑے

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)مظفرآباد کے علاقے اپر مانکپیاں میں چوری کی ایک سنگین واردات کے دوران نامعلوم چور بجلی کے کھمبوں سے مین لائن کی تاریں چوری کرکے فرار ہو گئے، جس کے باعث پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق علاقے میں بجلی کا ٹرانسفارمر پہلے ہی خراب تھا، اسی دوران چوروں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بجلی کی مین لائن کی تاریں کھمبوں سے اتار لیں۔ اہلِ محلہ نے 12 فروری کو محکمہ برقیات کے افسران کو موقع پر بلا کر صورتحال کا جائزہ کروایا، جہاں معلوم ہوا کہ بجلی کی تاریں مکمل طور پر غائب تھیں۔ اتنے دن گزرنے کے باوجود نہ تو بجلی بحال کی جاسکی اور نا ہی چوروں کو گرفتار کیا جاسکا۔ محکمہ برقیات کے ایس ڈی او اور لائن سپرٹینڈنٹ ایک دوسرے پر زمہ داری ٹھونسنے لگے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے اور رات کے اوقات میں اندھیرے کے باعث سیکیورٹی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے کی بجلی جلد از جلد بحال کی جائے۔



