ہیلتھ ایمپلائز کی علامتی ہڑتال، 16مارچ بڑے احتجاج کا اعلان

مظفرآباد(خبرنگار خصوصی)ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن آزاد جموں و کشمیر کا چارٹر آف ڈیمانڈ کیلئے احتجاج ایک ریاست دو دستور پر شدید رد عمل کا اظہار مطالبات کے حق اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی، پیرامیڈیکل سٹاف کی تنخواہیں دیگر سرکاری محکمہ جات کے برابر کرنے ہیلتھ الاؤنس 2026کی رننگ بیسک تنخواہ پر دینے کا مطالبہ، 16مارچ کو آزاد کشمیر کی تینوں ڈویژنوں میں بڑا احتجاج ہوگا۔ جبکہ 7اپریل 2026کو مظفرآباد میں احتجاجی دھرنا دینے، احتجاجی دھرنا کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے گزشتہ روز عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل سیدسجاد حسین نقوی، معصوم مغل، راجہ تسلیم خان، خلیق احمد عباسی، راجہ صداقت خان، شازیہ لطافت، جنید قیوم اعوان، وقار گیلانی، طارق خان، چوہدری یوسف، وسیم عباسی، عالم دین، اشفاق مغل، راجہ شاہد، ماجد علی ودیگر نے کہا کہ ڈاکٹرز صاحبان کو صرف بقایا جات کی مد میں 4ارب 64کروڑ حکومت نے جاری کر دیے گئے جبکہ فرائض انجام دینے والے سٹاف کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سکول کیا جا رہاہے۔ ہم ڈاکٹرز کی مخالفت نہیں کرتے مگر ایک ریاست دو دستور قبول نیہں ہے ہمیں بھی الاؤنس دیا جائے سروس سٹرکچر میں ایمز ہسپتال کا سیکیورٹی سٹاف اور انجینئرز بھی شامل ہیں جبکہ ورکچارج عارضی ملازمین جو فارغ کیے گئے ان کو بھی ان کا حق دیں گے انہوں نے کہا کہ قائمقام وزیراعظم میاں وحید، وزیر صحت بازل علی نقوی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت عامہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں مکمل احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے اور ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیا جائے۔



