عالمی کشیدگی‘ معاشی اثرات‘ نمٹنے کیلئے سادگی لائحہ عمل تیار کیا جائے‘شہباز شریف

لاہور (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معاشی صورتحال اور عالمی کشیدگی کے تناظر میں معیشت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے خطے کی معیشتوں پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جس کے پیش نظر حکومت صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی ترقی کے ساتھ سادگی اور بچت پر مبنی جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ وزیراعظم نے متعلقہ کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندر قابلِ عمل تجاویز پیش کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تیار کیے جانے والے لائحہ عمل میں عوام پر مالی بوجھ کم سے کم رکھا جائے اور عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے ہی عالمی کشیدگی کے ممکنہ معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ایک فعال کمیٹی تشکیل دے دی تھی، جو مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ اسی پیشگی اقدامات کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا نہیں ہوئی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بھی کمیٹی کی سفارشات پر کیا گیا، جس میں عالمی منڈی میں اضافے کے باوجود صارفین پر کم سے کم بوجھ منتقل کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ جو بھی پیٹرول پمپ یا کمپنی مصنوعی قلت یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائی جائے، اسے فوری بند کر کے اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور قانونی کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ چاروں صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو بلا تعطل فراہمی کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی تیار کریں۔



