مقبوضہ کشمیر‘خواتین پر بھارتی مظالم انسانیت کے ماتھے پر کلنک ہے، سردار عتیق

مظفرآباد (محاسبنیوز) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کے موقع پر دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں ان ماؤں بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو دہائیوں سے ہندوستان کے جبر کا شکار ہیں اور اس وقت بھی حالات کا تنہا مقابلہ کررہی ہیں۔عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو تمام حقوق دیے ہیں اب معاشرتی رویوں کو بدلنے کی ضرورت ہے تاکہ اسلام کے تفویض کردہ حقوق سے خواتین مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے آبروریزی،گرفتاریوں اور عزیزواقارب سے محروم کر کے خواتین کو ہرطرح کی اذیت کاشکار کیا ہے مگر افسوس ہے کہ عالمی سطح پر اس کی گونج سنائی نہیں دیتی۔ ہندوستان کا ہاتھ روکنے کی کوشش نہیں کی گئی آج بھی دس ہزار لاپتہ افراد کی مائیں،بہنیں،بیٹیاں اور بیویاں اقوام متحدہ سے سراپا سوال ہیں مگر ان کی بات سنی نہیں جاتی۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا کشمیر کے حالات پر توجہ دے کر اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعملدرآمد کااہتمام کرے۔مسائل کولٹکانے سے مسائل میں الجھاؤ بڑھتا ہے اور کشمیر کامسئلہ بھی الجھتا جارہا ہے اور تین ایٹمی طاقتوں کے درمیان یہ مسئلہ شدید نزع کا باعث بنا ہوا ہے۔



