KIUہنزہ کیمپس میں طلبہ کے اعزاز میں ایوارڈ تقسیم کی شاندار تقریب
وائس چانسلر نے کے آئی یو کے جامع تعلیم کے وژن کو دہرایا اور نوجوانوں سے جدت کو گلے لگانے کی ترغیب دی جو عالمی چیلنجوں کے تناظر میں بدل رہا ہے

ہنزہ(پ ر)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ہنزہ کیمپس میں طلبہ تبادلہ پروگرام کے تحت انٹی ملائیشیا اورچین سی سی ٹی ای پروگرامز میں ایک سالہ تعلیم مکمل کرکے آنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایوارڑ تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق شاندار تقریب میں وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ یونیورسٹی کے سینئرانتظامی و تدریسی آفیسران سمیت طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ یہ تقریب کے آئی یو کے بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے صلاحیتوں کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے جو پاکستان کو ملائیشیا اور چین سے تعلیمی طور پر جوڑتی ہے۔وائس چانسلرکے آئی یوپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے اپنی کلیدی خطاب میں ایوارڈ یافتہ طلبہ کی لگن اور بہادری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاعلمی کمال صرف منزل نہیں بلکہ تجسس، تعاون اور جرأت سے بھرپور سفر ہے۔ آج ہم آپ کے ٹرانسکرپٹس کی عزت نہیں کر رہے بلکہ اس ناقابل تسخیر جذبے کی جو ہمارے خطے اور اس سے آگے کے مستقبل کو تشکیل دے گا۔ انہوں نے کے آئی یو-انٹی ملائیشیا اور پاک-چین سی سی ٹی ای پروگرامز کی عالمی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار کو اجاگر کیا اور طلبا سے اپنے کارناموں کو گلگت بلتستان میں پائیدار ترقی کے لیے استعمال کرنے کی ترغیب دی۔ وائس چانسلر نے کے آئی یو کے جامع تعلیم کے وژن کو دہرایا اور نوجوانوں سے جدت کو گلے لگانے کی ترغیب دی جو عالمی چیلنجوں کے تناظر میں بدل رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر طلبہ تبادلہ پروگرام کے تحت چین و ملیشیامیں ایک سالہ کامیاب پروگرام میں اعلیٰ کارکردگی والے طلبا کو ان کے ٹرانسکرپٹس، سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔