سماہنی‘شاہراہ جموں پرشگاف پڑ گئے،کروڑوں کامنصوبہ تباہ حالی کا شکار

سماہنی (تحصیل رپورٹر) محکمہ شاہرات ضلع بھمبر کی بڑی غفلت سامنے آ گئی، کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی شاہراہ جموں تباہ ہونے لگی، ٹاون کمیٹی سماہنی کی آبادی میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ، تفصیلات کے مطابق سب ڈویژن سماہنی میں محکمہ شاہرات کی غفلت کا پول کھل کر سامنے آ گئی، کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی شاہراہ جموں کئی مقامات سے دہنس گئی جبکہ چوکڑی کے قریب سڑک کنارے نکاسی نالی نہ ہونے کی وجہ سے غریب شہری کا کھیت منی ڈیم بن گیا، جس سے شاہراہ جموں پر شگاف پڑنے شروع ہو گئے جبکہ مقامی شہریوں کی مکئی کی فصل بھی گل سڑ گئی اور پانی سڑک کے نیچے سے بہنا شروع ہو گیا، جس سے سڑک دہنسنے، شگاف پڑنے کے امکانات ہو گئے ہیں، ادہر کھیت میں پانی جمع ہونے سے مقامی آبادی میں ملیریا، ڈینگی اور ڈائیریا کے کئی کیس رپورٹ ہونے لگے، کھیت میں کھڑا پانی سڑک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی میں بیماریاں پھیلانے کا موجب بن گیا جبکہ محکمہ شاہرات کا ایکسین، ایس ڈی او اور عملہ ستو پی کر سو گیا، عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم اور متعلقہ اداروں سے اتنی بڑی غفلت پر نوٹس لینے، شاہراہ جموں کو بڑی تباہی سے بچانے کی اپیل کی ہے،