حکومت پاکستان کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی احسن اقدام ہے،ثاقب مجید

مظفرآباد(محاسب نیوز)مسلم کانفرنس کے چیف آرگنائزر و سابق امیدوار اسمبلی راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی بروقت اور انتہائی احسن اقدام ہے۔ مسلم کانفرنس نے روز اول سے تمام مسائل اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر ہمیشہ زور دیا۔ آزادکشمیر حساس خطہ ہے جو کسی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ یہاں پر کسی بھی قسم کی افراتفری کا فائدہ ہمارا ازلی دشمن ہندوستان اٹھاتا ہے اور اسکا پوری دنیا میں پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرتا ہے۔پاکستان کشمیریوں کی منزل مقصود اور محفوظ ترین پناہ گاہ ہے۔ مسلم کانفرنس تو پاکستان کو اپنی منزل سمجھتی ہے اور وزراء پر مشتمل کمیٹی کو خوش آئندہ قرار دیتی ہے۔پریشانی ان لوگوں کے لیے ہوگی جو دن رات پاکستان اور مسلح افواج پاکستان کو برا بھلا کہتے ہیں اور آزادکشمیر کو پاکستانی مقبوضہ کشمیر کہتے ہیں۔ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ ریاست کے لوگوں کے حقوق کے لیے اور ریاست کی تعمیر وترقی کے لیے بنیادی کردار ادا کیا۔ 47سے پہلے مظفرآباد (چکڑی بہک) کے نام سے جانا جاتا تھا۔جسے مسلم کانفرنس نے دارالحکومت بناکر مظفرآباد بنایا اور پوری دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کو اگر دیکھا جائے تو تاوبٹ سے لیکر بھمبر چھمب تک جتنی بھی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات ملی ہیں یہ سب مسلم کانفرنس کے مرہون منت ہے۔آزاد کشمیر کے عوام کو حکمرانی سے لیکر آئین، سپریم کورٹ، ہائی کورٹ، AJK بینک جیسے جتنے بھی بڑے ادارے ہیں یہ بھی مسلم کانفرنس کے کارنامے ہیں۔مسلم کانفرنس نے آزاد کشمیر میں 70کی دھائی سے تعلیمی انقلاب کا جوسلسلہ شروع کیااسکی وجہ سے آج ہمارا لٹریسی ریٹ 80فیصد سے زیادہ ہے جبکہ پاکستان اور ہندوستان اس وقت بھی 50فیصد سے نیچے ہیں۔عوام کے بنیادی حقوق کے معاملے میں ہمیشہ مسلم کانفرنس نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور کھل کر بات کی۔ مسلم کانفرنس کا اختلاف پاکستان اور مسلح افواج پاکستان کے خلاف دشنام طرازی کرنے والوں سے ہے۔ جنہوں نے حقوق کی آڑ میں 31 اگست 2023 مظفرآباد عزیز چوک میں پاکستان مخالف نعرے لگائے۔ اآگے چل کرانہی عوامل نے کوہالہ سے پاکستانی پرچم اتارے، کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ مٹایا، قائد اعظم اور مجاہد اول کی تصاویر کی توہین کی اور کشمیری قیادت کے خلاف گھٹیا اور بازاری زبان استعمال کی۔حقوق کی آڑ میں ایسے کسی بھی عمل کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔مسلم کانفرنس پاکستان، مسلح افواج پاکستان اور نظریہ الحاق پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔