تازہ ترینمظفرآباد

وفاقی حکومت نے ظفر حجازی کو فیڈرل ٹیکس محتسب کے عہدے پر تعینات کردیا

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی حکومت نے آڈٹ اوور سائٹ بورڈ (AOB) کے چیئرمین جناب ظفر حجازی کو فیڈرل ٹیکس محتسب کے عہدے پر تعینات کر دیا ہے۔جناب ظفر حجازی معروف سینئر چارٹرڈ اکاونٹنٹ ہیں اور پاکستان کے ٹیکس، کارپوریٹ اور ریگولیٹری شعبوں میں چار دہائیوں سے زائد کا نمایاں تجربہ رکھتے ہیں۔بطور چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان انہوں نے کئی اہم قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات متعارف کرائیں جن میں کمپنیز ایکٹ 2017ء، سیکیورٹیز ایکٹ 2015ء، اور فیوچرز مارکیٹ ایکٹ 2016ء سمیت متعدد قوانین شامل ہیں۔ ان اصلاحات سے پاکستان کا کارپوریٹ ریگولیٹری فریم ورک جدید تقاضوں اور بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ ہوا۔جناب حجازی کی قیادت میں پاکستان کی تینوں اسٹاک ایکسچینجز کو ضم کر کے پاکستان اسٹاک ایکسچینج تشکیل دی گئی — یہ ایک تاریخی اقدام تھا جس کے نتیجے میں پاکستان کو ایم ایس سی آئی کی جانب سے ابھرتی ہوئی منڈی (Emerging Market) کا درجہ حاصل ہوا۔ ان کی نگرانی میں انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سیکیورٹیز کمیشنز نے پاکستان کی شفافیت کے بین الاقوامی معیار پر عملدرآمد کی سطح کو 32 فیصد سے بڑھا کر 82 فیصد قرار دیا۔اگست 2023ء میں جناب ظفر حجازی کو آڈٹ اوور سائٹ بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیاتھا۔ ان کی قیادت میں بورڈ نے آڈٹ کے معیار کو بہتر بنانے اور پیشہ ورانہ احتساب کو مضبوط کرنے کے لیے متعدد اہم ریگولیٹری اصلاحات نافذ کیں۔ ان کی قیادت میں اے او بی نے کمپنیوں کی مالی دستاویزات کی تیاری ضابطوں کو پیش نظر رکھنے میان کوتاہی کی مرتکب آڈٹ فرمز کے خلاف سخت تادیبی کارروائیاں بھی کیں اور آڈٹ اور سائٹ بورڈ سے متعلق قوانین میں ضروری ترامیم متعارف کروائیں جو اس وقت مختلف مراحل سے گزر چکی ہیں اور جلد منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش ہونگی۔

Related Articles

Back to top button