مظفرآباد

جسٹس خواجہ نسیم کی ریٹائرمنٹ پر سنٹرل بار کی الوداعی تقریب

مظفرآباد(پی آئی ڈی)سینئر جج سپریم کورٹ آزاد کشمیر جسٹس خواجہ محمد نسیم کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کی جانب سے ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس نلوچھی میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے۔ جسٹس خواجہ محمد نسیم کی ریٹائرمنٹ پر دل رنجیدہ ہے لیکن انتہائی خوشی اس بات کی ہے کہ انتہائی وقار اور عزت کے ساتھ الوداع ہو رہے ہیں، جسٹس خواجہ محمد نسیم کے ساتھ بطور وکیل، چئیرمین سروس ٹربیونل اور سپریم کورٹ کے جج بہترین ورکنگ ریلیشن شپ رہا ہے، جسٹس خواجہ محمد نسیم انتہائی بردبار اور زیرک انسان ہیں جنہوں نے ہمیشہ مسائل کو الجھانے کے بجائے سلجھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم کے اعزاز میں بہترین تقریب کے انعقاد پر صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دیتا ہوں، سنٹرل بار ایسوسی ایشن وکلاء اور ججز کی نرسری ہے جو ہمیشہ سے اپنی روایات کا امین رہا ہے، جوڈیشل کانفرنس میں سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے ممبران کی جانب سے پیش کئے گئے معیاری مقالات نے ثابت کیا ہے کہ بار کا مستقبل تابناک ہے، بنچ اور بار ایک خاندان ہیں وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل جوائنٹ کمیٹی بنائی ہے جسکی سفارشات پر وکلاء کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ سابق چیف جسٹس صداقت حسین راجہ کا عدلیہ اور وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے مثالی کردار رہاہے، وکلاء انصاف کی فراہمی کیلئے ججز کی معاونت کرتے ہیں،ریاست کی بہتری کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کنٹین کا افتتاح کیا۔ تقریب سے ریٹائر ھونے والے سینئر جج سپریم کورٹ جناب جسٹس خواجہ محمد نسیم نے سنٹرل بار ایسوسی ایشن کا اپنے اعزاز میں الوداعی تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 27 سال سنٹرل بار ایسوسی ایشن میں بطور وکیل کام کرتا رہا، یہ بار میری اپنی ہے اور مجھے اس کا ممبر ہونے پر فخر ہے۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم، والدین کی دعاوں اور چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر کی سفارشات پر بطور جج سپریم کورٹ کام کرنے کا موقع ملا۔ چیف جسٹس کے اعتماد پر ان کا شکرگزار ہوں، بار اور بنچ ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں جو ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں، قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کیلئے دونوں کا ایک پیج پر ہونا ناگزیر ہے۔ وکیل کو قانون سے باخبر رہنے کیلئے قانون کی کتب کا مطالعہ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب وکیل کیلئے صبر، مستقل مزاجی اور محنت انتہائی ضروری ہے، نظام انصاف کو ریاست کے اداروں میں کلیدی حیثیت حاصل ہے، ساڑھے آٹھ سال کے جوڈیشل کیرئیر کے دوران میری کوشش رہی ہے کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ اگر سروس کے دوران کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم سعید خان کی سربراہی میں جسٹس رضا علی خان کے ساتھ ساڑھے چار سال کے عرصے کو اپنی زندگی کا یادگار اور مثالی دورانیہ سمجھتا ہوں۔ سروس کے دوران سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ آزاد کشمیر صداقت حسین راجہ کے ہر موقع پر تعاون پر ان کا انتہائی مشکور ہوں۔ صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن سید انیس الحسن گیلانی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ جناب جسٹس راجہ سعید اکرم خان، جج سپریم کورٹ جناب جسٹس رضا علی خان، سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ صداقت حسین راجہ، سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ممبران کا تقریب آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بار اور بنچ لازم وملزوم ہیں جب تک یہ دونوں صحیح کام کرتے رہیں گے نظام عدل کو کوئی آنچ نہیں آئے گی۔ جسٹس خواجہ محمد نسیم کا آزاد کشمیر کے بہترین وکلاء میں شمار ہوتا تھا۔ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے ممبر رہے ہیں۔ سنٹرل بار ایسوسی ایشن اور عدلیہ کیلئے بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آپ کے کردار اور بہترین فیصلوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سنٹرل بار ایسوسی ایشن کی جانب سے چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کو سڑک و دیگر مسائل کے حل کیلئے دلچسپی لینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سنٹرل بار ایسوسی ایشن کی جانب سے سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم کو کامیاب سروس کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہیں اور آنے والی زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔الوداعی تقریب میں جج سپریم کورٹ آزاد کشمیر جناب جسٹس رضا علی خان، سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ آزاد کشمیر صداقت حسین راجہ، سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر جج سپریم کورٹ آزاد کشمیر جسٹس خواجہ محمد نسیم کو سنٹرل بار ایسو سی ایشن مظفرآباد کی جانب سے تحائف پیش کئے گئے اور آخر میں ملکی سلامتی واستحکام، کشمیر و فلسطین کی آزادی اور سینئر جج سپریم کورٹ آزاد کشمیر جسٹس خواجہ محمد نسیم کی باقی مانندہ زندگی میں کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔

Related Articles

Back to top button