Uncategorized

کے پی کے پی ٹی آئی میں اختلافات وزیر اعلیٰ نے سپیکر سے استعفیٰ طلب کر لیا

پشاور(بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے مطالبہ پر سپیکربابر سلیم سواتی نے مستعفی ہونے سے انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزرا کو فارغ کرنے اور وزارتوں میں رد و بدل کے بعد اب سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو بھی اپنے انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے ان کو استعفیٰ دینے کا کہا ہے۔ذرائع نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو وزیر اعلیٰ ہاﺅس بلا کر مستعفی ہونے کا کہا لیکن اسپیکر نے یکسر انکار کردیا۔سپیکر خیبر پختونخوا بابر سلیم سواتی موقف اختیار کیا کہ چونکہ اسپیکر شپ کا عہدہ انہیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دیا ہے اس لئے وہ صرف ان کے کہنے پر عہدہ چھوڑیں گے اور اس کے لئے وہ خود عمران خان سے ملاقات کریں گے۔اس سے پہلے بھی بابر سلیم سواتی پر سینیٹراعظم خان سواتی نے الزامات لگائے تھے اور ان الزامات کے جواب میں بابر سلیم سواتی نے خود وزیر اعلیٰ سمیت کئی اداروں کو خطوط لکھیں تھے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں جس کے بعد پارٹی کے سینئر رہنماﺅں نے اس معاملے کو ختم کردیا۔بابر سلیم سواتی خیبر پختونخوا اسمبلی کے وفد کو لے کر بیرون ملک سرکاری دورے پر جارہے تھے لیکن ان حالات کے پیش نظر انہوں نے اپنا دورہ بھی منسوخ کر لیا اور وفد کے دیگر افراد اس وقت بیرون ملک دورے پر ہیں۔دوسری جانب بتایا جارہا ہے کہ سپیکر بابر سلیم سواتی کا اسمبلی کے اندر اچھا خاصہ مضبوط گروپ ہے جبکہ ان کے ساتھ اپوزیشن کا تعلق بھی کافی اچھا رہا ہے اس صورتحال میں اگر اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی نوبت آتی ہے تو اسپیکر پر اعتماد کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہوگی اور عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوسکتی۔

Related Articles

Back to top button