عوامی اعتماد کا بدلہ موثر پالیسی، عملی خدمت سے چکائیں گے،عامر یسین
مظفرآباد (محاسب نیوز)آزادکشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی چوہدری عامر یاسین نے گذشتہ روز اپنے آفس چیمبر میں مختلف عوامی وفود سے تفصیلی ملاقاتیں کیں جن میں عوامی وفود نے انہیں وزارت ملنے پر مبارک باد دی، گلدستے پیش کیے اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقاتوں کا ماحول اس قدر پُرجوش تھا کہ عوامی وفود نے بار بار اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی آج کی قوت، اس کا نظریاتی تسلسل اور اس کا تنظیمی اتفاق رائے دراصل صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین کی دہائیوں پر مشتمل سیاسی جدوجہد، ان کی مستقل مزاجی، دور اندیش قیادت اور عوام کے ساتھ مضبوط تعلق کی مرہونِ منت ہے۔ اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری عامر یاسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پیپلز پارٹی کا بڑھتا ہوا سیاسی اثر و رسوخ، عوامی بھروسہ اور تنظیمی مضبوطی اُن کے والد اور پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین کی قیادت کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج میں جس ذمہ داری پر فائز ہوں، اس کا اصل کریڈٹ میرے والد چوہدری محمد یاسین اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی اس اعتماد بھری رہنمائی کو جاتا ہے جس کے تحت پارٹی میں نئی نسل کو آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ پرانی نسل کے تجربے اور نئی قیادت کے جذبے کو ملا کر ریاست میں حقیقی عوامی خدمت کے لیے مضبوط بنیادیں قائم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد یاسین ایک ایسی سیاسی شخصیت ہیں جنہوں نے ہر دور میں پارٹی کو نہ صرف منظم کیا بلکہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی کارکنوں کی حفاظت، حوصلہ افزائی اور نظریاتی تربیت کو اولین ترجیح دی۔ یہی وجہ ہے کہ آج پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں وہ واحد جماعت ہے جس کا تنظیمی ڈھانچہ مضبوط، فیصلہ سازی بااختیار اور کارکنان سے رابطہ براہِ راست ہے۔وزیر حکومت نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں اگر کوئی نام سینئر سٹیٹس، تجربہ، سیاسی شرافت، کارکن دوستی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر سب سے زیادہ احترام رکھتا ہے تو وہ صرف اور صرف چوہدری محمد یاسین ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی جدوجہد، مقبول سیاست، حقیقی نمائندگی اور ریاستی حقوق کے لیے وقف کی ہے۔ بطور سابق وزیر بلدیات انہوں نے جو ادارہ جاتی اصلاحات متعارف کروائیں، ان کی بدولت آج بھی پورے آزاد کشمیر میں لوکل گورنمنٹ سسٹم کو ان کے تجربے اور وژن کا نمونہ سمجھا جاتا ہے۔ اس دور میں کیے گئے فیصلے آج بھی ماڈل پالیسی کے طور پر جانے جاتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ چوہدری یاسین نے ہمیشہ ریاست کے مفاد کو ترجیح دی اور ترقی کے ایسے منصوبے شروع کیے جو وقت گزرنے کے باوجود اپنی افادیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ انہیں وہ سیاسی ماحول اور تربیت ملی جس نے انہیں عوامی خدمت کا جذبہ سکھایا اور سیاست کا وہ رخ دکھایا جو ذاتی مفاد سے پاک، اصولی اور خالصتاً عوامی ہو۔ یہ تربیت انہیں اپنے والد سے ملی جو ہمیشہ کارکنوں کو اپنی طاقت، عوام کو اپنا سرمایہ اور ریاستی مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔




