
ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں تقریباً چار ماہ کے وقفہ کے بعد جنگلی جانور نے ایک اور قیمتی انسانی جان پر حملہ کر کے ہلاک کردیا،رواں سال چیتوں،شیروں،ریچھوں اور دیگر جنگلی جانوروں کے حملوں کے باعث آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد دو ہو گئی جبکہ لاکھوں روپے مالیت کے غریب لوگوں کے درجنوں قیمتی مویشی جنگلی جانوروں کا شکار بنے،ضلع بھر میں جنگلی جانوروں کے انسانی جان و مال پر حملوں کے باعث شدید خوف وہراس میں دن بدن اضافہ ہونے لگا،محکمہ وائلڈ لائف اور انتظامیہ عوام کے جان و مال کو محفوظ بنانے کے اقدامات کے بجائے خاموش تماشائی بن گئی،تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات ظہیر میر ولد نذیر میر ساکن کھیواڑہ کو وادی لیپہ کے علاقہ منڈا کلی،کلی منڈل روڈ پر جنگلی جانور نے حملہ کر کے شدید زخمی کردیا تھا،اس دوران مذکورہ شخص اپنے آپکو بچانے کی کوشش میں پہاڑی سے نیچے گر گیا،اور اس کا خون کافی حد تک بہہ گیا،واقعہ کی اطلاع ملنے پر پاک فوج،ریسکیو ٹیموں نے زخمی شخص کو مقامی ہسپتال منتقل کیا،ابتدائی طبعی امداد اور خون کی کمی پوری کرنے کے بعد شدید زخمی شخص کو زندگی اور موت کی کشمکش میں سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کردیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا،جنگلی جانور کے حملہ میں مقامی شخص کے جاں بحق ہونے کے باعث وادی لیپہ میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہے،لوگ گھروں کے اندر بند ہو کر رہ گئے ہیں،جنگلی جانور کے حملہ میں جاں بحق ہونے والے شخص ظہیر میر کی نماز جنازہ آبائی علاقہ میں ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،جنازہ کے بعد ظہیر میر کو اشکبار آنکھوں کے سائے میں منوں مٹی تلے سپرد خاک کردیا گیا،یاد رہے کہ رواں سال،چار ماہ کے وقفہ کے بعد جنگلی جانور کا انسانی جان پر یہ دوسرا حملہ تھا،اس سے قبل چیتے نے جہلم ویلی کی یونین کونسل پاہل کے علاقہ نلئی، ڈبراں میں آٹھ سالہ بچی جویریہ پر حملہ کر کے اسے ہلاک کردیا تھا،جہلم ویلی بھر کے مختلف مقامات پر آئے روز جنگلی جانور انسانی جان و مال کو نقصان پہنچا رہے ہیں لیکن آج تک محکمہ وائلڈ لائف نے انسانی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جس کے باعث عوام میں سخت غم و غصہ اور تشویش پائی جاتی ہے،عوامی حلقوں نے وزیر اعظم،وزیر وائلڈ لائف اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے،ضلع بھر میں جنگلی جانوروں سے عوام کے جان و مال کو محفوظ بنانے کے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔




