کھوئیرٹہ‘ معلمین قرآن کا ایلیمنٹری ٹیچرکے برابر سکیل کا مطالبہ

کھوئی رٹہ (ملک محمدحنیف اعون سے)معلمین القرآن کا سکیل ایلیمنٹری ٹیچر کے برابر کرنے کا مطالبہ محکمہ تعلیم میں خدمات انجام دینے والے معلمینُ القرآن ضلع کوٹلی کے ذمہ داران نے کھوئی رٹہ پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی اور وزیر مذہبی امور و اوقاف محمد رفیق نئیر سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ معلمینُ القرآن کا سکیل ایلیمنٹری ٹیچر کے برابر اپ گریڈ کیا جائے۔پریس کانفرنس سے حافظ محمد اعظم نقشبندی، قاری عابد محمود، حافظ راسب حسین، علامہ اشتیاق نورانی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ معلمینُ القرآن گزشتہ 14 برسوں سے سکیل B-1 میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو سراسر ناانصافی اور ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں قرآنِ مجید کی تعلیم دینے والے اساتذہ کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، حالانکہ وہ نئی نسل کو دینی اقدار، اخلاقیات اور کردار سازی سے روشناس کرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں B-1 سکیل میں گزارا کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے، جبکہ دیگر اساتذہ کے سکیلز میں اضافہ کیا جا چکا ہے۔ معلمینُ القرآن کے ساتھ یہ امتیازی سلوک فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معلمینُ القرآن کا سکیل ایلیمنٹری ٹیچر کے برابر کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے معلمینُ القرآن کے دیرینہ مسائل حل کرے گی۔پریس کانفرنس میں حافظ محمد اعظم نقشبندی (سرپرست اعلیٰ معلمینُ القرآن آزاد کشمیر)، قاری عابد محمود (ڈویژن صدر میرپور)، حافظ راسب حسین (ضلعی صدر)، حافظ فیاض نقشبندی، علامہ اشتیاق نورانی، قاری شکیل، قاری عابد، قاری مسعود نقشبندی، حافظ امین، قاری اظہر قیوم، قاری اسد، قاری رحیم، قاری اسحاق چشتی، قاری عجائب، قاری جاوید، قاری امجد نیازی، حافظ شفیق اور دیگر معلمینُ القرآن کی بڑی تعداد موجود تھی۔




