مڈلینڈ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے 20 سال مکمل‘ سالانہ گالا ڈنر کی پروقار تقریب

مظفرآباد/دبئی (خصوصی رپورٹر) مڈلینڈ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے قیام کو 20 سال مکمل ہونے پر دبئی کے مقامی ہوٹل ‘پارک حیات’ میں ایک شاندار سالانہ گالا ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب نے جہاں تنظیم کے دو دہائیوں پر محیط انسانی خدمت کے سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا، وہاں سمندر پار مقیم پاکستانی کمیونٹی کے جذبہ خیر سگالی کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں دبئی اور ابوظہبی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 400 سے زائد افراد نے شرکت کی، جن میں ممتاز کاروباری شخصیات، نامور ڈاکٹرز اور کمیونٹی لیڈرز شامل تھے۔ مڈلینڈ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر سید یوسف افتخار، وائس چیئرمین ڈاکٹر جاوید احمد رضا، اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر زاہد شیخ، ڈاکٹر اسرار رشید، مسٹر اعجاز نجیب اور مسٹر شفقت حسین نے تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ پروگرام کے آغاز پر ڈاکٹر صدف نے گزشتہ 20 برسوں بالخصوص سال 2025 کی کارکردگی اور کلیدی اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں آزاد کشمیر اور پاکستان میں مریضوں کے علاج معالجے اور ان کی بحالی کے کامیاب کیسز پیش کیے گئے۔ حاضرین نے تنظیم کی ان مخلصانہ کوششوں کو بے حد سراہا۔ چیئرمین ڈاکٹر سید یوسف افتخار نے اپنے خطاب میں مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ مڈلینڈ ڈاکٹرز، ایدھی فاؤنڈیشن اور سٹیزنز فاؤنڈیشن جیسے اداروں کے ساتھ مل کر دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔



