تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی بھی نہایت ضروری ہے‘شاہ غلام قادر

نیلم(بیورورپورٹ)کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گرلز کالج آٹھمقام میں ناظرہ قرآن اور فہم القرآن کے ضلعی سطح کے مقابلہ جات کا شاندار انعقاد کیا گیا، جن میں مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں سے 20 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ مقابلہ جات کا مقصد نئی نسل میں قرآن مجید سے وابستگی، دینی شعور اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینا تھا۔تقریب کی صدارت اپوزیشن لیڈر اور صدر مسلم لیگ (ن) شاہ غلام قادر نے کی، جبکہ کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زونل ہیڈ سید مرتضیٰ شاہ بخاری خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جن میں ڈپٹی کمشنر نیلم چوہدری اقبال حسن، محکمہ صحت سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مبشر گیلانی، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر اشرف، ڈائریکٹر یونیورسٹی نیلم کیمپس ڈاکٹر لال حسین، ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام محمد نواز ناصر شامل تھے۔محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈی ای او میل رفیق احمد، ڈپٹی ڈی ای او نظیر احمد، اے ای او اعجاز حیدر اعوان جبکہ فیمیل سیکٹر سے ڈی ای او شیما میر، ڈپٹی ڈی ای او زاہدہ اشرف اور اے ای او زنانہ منشا انجم نے شرکت کی اور اس تعلیمی و دینی سرگرمی کو سراہا۔مقابلہ جات کے نتائج کے مطابق ناظرہ قرآن میں پہلی پوزیشن نجم نسیم نے حاصل کی جن کا تعلق ملین سمائلز فاؤنڈیشن سکول کیاں شریف سے ہے، جبکہ فہم القرآن میں پہلی پوزیشن گرلز ہائی سکول نیلم کی طالبہ ایمان مشتاق نے حاصل کی۔ دو طلبہ نے ناظرہ اور فہم القرآن دونوں مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کی، جو اب ریاستی سطح کے مقابلوں میں ضلع نیلم کی نمائندگی کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر نے کہا کہ قرآن مجید ہی وہ واحد مکمل ضابطہ حیات ہے جس پر عمل پیرا ہو کر انسان نہ صرف اپنی انفرادی زندگی بلکہ اجتماعی زندگی میں بھی کامیابی اور فلاح حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جب معاشرہ اخلاقی اور سماجی مسائل کا شکار ہے، ایسے میں قرآن کی تعلیمات ہی ہماری درست رہنمائی کر سکتی ہیں۔ شاہ غلام قادر نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی نہایت ضروری ہے اور کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن جیسے ادارے اس حوالے سے قابلِ تحسین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو محض ڈگریوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں قرآن فہمی، سچائی، دیانت داری اور خدمتِ خلق جیسے اوصاف بھی اپنانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآن کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی ایک مضبوط، باوقار اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ شاہ غلام قادر نے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلہ جات طلبہ میں مثبت مقابلے کا رجحان پیدا کرتے ہیں اور انہیں دین سے قریب کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے گا۔ پروگرام کے انعقاد میں نیلم اکیڈمی کے ایڈمنسٹریٹر عثمان پرویز مغل اور ان کے دیگر سٹاف نے اہم کردار ادا کیا، جن کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔



