سینئر جج ہائیکورٹ جسٹس سید شاہد بہار چیئرمین پریس فاؤنڈیشن تعینات

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے جسٹس سید شاہد بہار (سینئر جج عدالت العالیہ) کو آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈ okیشن کے بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔سروسز اینڈجنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یکم ستمبر 2025ء کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ تقرری آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن ایکٹ 2003ء کی دفعہ (a) اور قواعد کار 1985ء (نظر ثانی شدہ) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 15 جولائی 2025ء کو محکمہ اطلاعات کی جانب سے پیش کیے گئے خلاصے پر کابینہ نے غور کے بعد منظوری دی، جس کے تحت جسٹس سید شاہد بہار کو چیئرمین پریس فاؤنڈیشن نامزد کیا گیا۔ اس فیصلے کی باقاعدہ توثیق کابینہ نے قواعد کار 1985ء کے قاعدہ 26(b)(1)، قاعدہ 28 اور قاعدہ 31(1) کے تحت کی۔پریس فاؤنڈیشن بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین بننے کے بعد جسٹس سید شاہد بہار ادارے کی پالیسی سازی، شفاف فنڈز کے استعمال، صحافتی برادری کی فلاح و بہبود اور میڈیا کے فروغ کے لیے رہنمائی فراہم کریں گے۔ اس تقرری کو صحافتی حلقوں میں ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس سے ریاست میں صحافت کو مزید ادارہ جاتی استحکام حاصل ہوگا۔نوٹیفکیشن کی نقول وزیراعظم سیکرٹریٹ، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔