آزادکشمیر میں نظریاتی تحزیب کاری کی روک تھام ضروری ہے،پاکستان زندہ باد، کنونشن کا اعلامیہ

باغ(بیوروپورٹ/پی آئی ڈی)باغ میں پاکستان زندہ باد کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں نظریاتی تخریب کاری کی روک تھام ضروری ہے، مجاہد اول نے بہت عرصہ قبل اس خطرے کی نشاندہی کی تھی کہ کسی بھی وقت دشمن نظریاتی تخریب کاری کی سازش رچا سکتا ہے، بھارتی وزیر راجناتھ سنگھ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے بتانا چاہتا ہوں کہ یہ علاقہ ہمارے اسلاف نے اٹھارہ ماہ کے جہاد کے ذریعے آزاد کروایاہے۔ کسی کو پاکستان ناپسند ہے تو وہ ہندوستان چلا جائے ہماری جان چھوڑے۔ ہندوستان کی تمام تر کاوشوں کے باوجود آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کا بازو ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھیرکوٹ کے تاجروں کو سلام پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ دھیرکوٹ کے تاجروں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کسی کے آلہ کار بننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو مرضی نعرہ لگائیں سب کو آزادی ہے،ہم آپکی رائے سے اتفاق نہیں کرتے اور نہ آپکی حکمت عملی سے اتفاق کرتے ہیں لیکن یاد رکھیں کہ آپ ابھی بچے ہیں سیاست میں آپکی عمر صرف دو سال ہے، امان اللہ خان اور مقبول بٹ بھی نعرہ لگاتے رہے لیکن انہوں نے کبھی پاکستان یا افواج پاکستان کو گالی نہیں دی، یاسین ملک نے اپنی بیٹی اور بیوی کے لیے محفوظ ترین جگہ پاکستان کو چنا ہے۔