گلگت یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات؛ جرنلسٹس اتحاد پینل کامیاب
جرنلسٹس اتحاد پینل کی امیدوار کرن قاسم صدر،محمد ذاکر سینئر نائب صدر، شیر ین کریم نائب صدر، چمر عباس قذافی سیکریٹری جنرل،بشارت یزدانی ڈپٹی جنرل سیکریٹری منتخب

گلگت (چیف رپورٹر) گلگت یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں پہلی بار خاتون صدر منتخب،کرن قاسم کی تاریخی کامیابی، مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں کی مبارکبادیں، گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلگت یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں ایک خاتون صحافی صدر منتخب ہو گئی ہیں۔ سال 2025-2027 کے لیے ہونے والے انتخابات میں جرنلسٹس اتحاد پینل کی امیدوار کرن قاسم نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ ان کے مدمقابل ورکنگ جرنلسٹس پینل کے امیدوار زوہیب اختر تھے۔یونین کے دفتر میں 4 اکتوبر کو منعقدہ انتخاب میں 52 رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 46 ممبران نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ سرکاری نتائج کے مطابق کرن قاسم نے 24 ووٹ حاصل کیے جبکہ زوہیب اختر کو 16 ووٹ ملے۔ 3 ووٹ مسترد قرار پائے۔انتخابات کا عمل الیکشن کمیٹی کے چیئرمین امتیاز علی تاج اور ممبران امتیاز گلاب بگورو و معراج عالم کی نگرانی میں پُرامن، شفاف اور منظم انداز میں مکمل ہوا۔کامیابی کے بعد اپنی وکٹری اسپیچ میں نومنتخب صدر کرن قاسم نے کہا یہ کامیابی صرف میری نہیں بلکہ پوری صحافتی برادری کی ہے۔ میں اپنے تمام صحافی بھائیوں، بہنوں اور سپورٹرز کی ممنون ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ میں اپنے پینل کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر صحافیوں کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کروں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں خواتین صحافیوں کے لیے یہ کامیابی ایک امید کی کرن ہے، جو آئندہ نسلوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔اہم عہدے داروں کی فہرستوں میں نومنتخب صدر کرن قاسم،سینئر نائب صدر محمد ذاکر،نائب صدر شیرین کریم،سیکرٹری جنرل ثمر عباس قذافی،فنانس سیکرٹری عمران شیر خان منتخب ہوگئے۔ گلگت بلتستان اہم شخصیات کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اتحاد پینل کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کو قیادت کے میدان میں آگے بڑھتا دیکھنا گلگت بلتستان کے لیے خوش آئند ہے۔نو منتخب صدر کرن قاسم نے ثابت کیا کہ صلاحیت اور محنت کامیابی کی ضمانت ہے۔وزیر داخلہ شمس لون نے اپنے پیغام میں کہا کرن قاسم کی کامیابی صحافت میں صنفی برابری کی طرف ایک اہم قدم ہے، ہمیں امید ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے ادا کریں گی۔معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی پہلی خاتون صدر بننے پر کرن قاسم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کی قیادت صحافت کے شعبے میں ایک مثبت تبدیلی لائے گی۔اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے اپنے بیان میں کہا یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین ہر شعبے میں اپنی اہلیت منوا سکتی ہیں۔ ہم صحافت کے فروغ کے لیے ان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن،ممبر گلگت بلتستان اسمبلی جمیل احمد اور چیرمین قائمہ کمیٹی جی بی فتح اللہ خان نے بھی کرن قاسم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی گلگت بلتستان کے صحافتی حلقوں کے لیے فخر کا باعث ہے۔ممبر گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ کرن قاسم کی کامیابی نہ صرف خواتین بلکہ پورے میڈیا برادری کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔معاون خصوصی واٹر مینجمنٹ حسین شاہ نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ گلگت بلتستان کی خواتین اپنی محنت اور خلوص سے قیادت کے مناصب تک پہنچ رہی ہیں۔خواتین رہنماؤں ثریا زمان، ثروت صبا، کلثوم فرمان اور امنہ علی نے بھی نو منتخب صدر یونین اف جرنلسٹس اتحاد پینل کرن قاسم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی آنے والی صحافی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صحافیوں، سیاسی کارکنوں، سماجی تنظیموں اور عوام کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ متعدد صارفین نے کرن قاسم کو“گلگت بلتستان کی بیٹی”قرار دیتے ہوئے ان پر فخر کا اظہار کیا۔جبکہ دوسری جانب گلگت بلتستان جرنلسٹ فورم راولپنڈی اسلام آباد کے صدرِ ابرار حسین استوری،جنرل سیکرٹری غلام عباس، سیکرٹری مالیات اکبر حسین و دیگر کابینہ و ممبران نے گلگت یونین آف جرنلسٹ کی پہلی خاتون نومنتخب صدر کرن قاسم، سنئیر نائب صدر محمد زاکر، نائب صدر، شیریں کریم، سیکرٹری جنرل ثمر عباس، ڈپٹی سیکرٹری جنرل بشارت یزدانی سیکرٹری مالیات عمران شیر خان اور سیکرٹری اطلاعات ثابت حسین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ نومنتخب کابینہ گلگت بلتستان میں میڈیا انڈسٹری کی مضبوطی اور صحافیوں کے فلاح و بہبود اور میں موجودہ حالات میں صحافی برداری کے مسائل کے حل کیلئے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کریں گے.