GBبھرعید میلاد النبی ؑ اور یو م دفاع پاکستان نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
مرکزی تقریب گورنمنٹ بوائز سر سید احمد خان ہائر سیکنڈری سکول گلگت میں منعقد ہوئی

گلگت/دیامر/سکردو/گانچھے/شگر/غذر/ہنزہ/استور/کھرمنگ(محاسب نیوز)ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بھی عید میلاد النبی اور یو دفاع پاکستان نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر محفل نعت، جلوس اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مرکزی تقریب گورنمنٹ بوائز سر سید احمد خان ہائر سیکنڈری سکول گلگت میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینیٹر شیخ ناصر زمانی، مذہبی اسکالر خلیل احمد قاسمی، ڈائریکٹر جنرل اسکولز فیض اللہ خان لون، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ شریک ہوئے۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی صرف اور صرف نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے۔ تقریب میں نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر شیخ ناصر زمانی نے عید میلاد النبی اور یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ایام ہماری قومی و دینی تاریخ کے درخشاں ابواب ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی کا دن ہمیں حضور اکرم کی سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہونے اور اخوت، بھائی چارے، عدل و انصاف کے اصولوں کو اپنانے کا پیغام دیتا ہے۔ جبکہ یومِ دفاع پاکستان ہمیں اس عزم کی یاد دہانی کراتا ہے کہ قوم نے اپنے بہادر افواج کے ساتھ مل کر وطن عزیز کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔مذہبی اسکالر مولانا خلیل قاسمی نے عید میلاد النبی اور یومِ دفاع پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم کی سیرت انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، جس پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے اتحاد اور قربانی کے جذبے سے وطن کا دفاع کیا۔ مولانا خلیل قاسمی نے کہا کہ ہمیں آج بھی اُسی جذبے کو زندہ رکھتے ہوئے وطن کی حفاظت اور تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل اسکولز گلگت بلتستان فیض اللہ لون نے عید میلاد النبی اور یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ایام ہماری قومی و دینی تاریخ کے سنہری ابواب ہیں، جو ہمیں اخوت، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیتے ہیں اسی طرح 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح افواجِ پاکستان اور عوام نے یکجہتی کے ساتھ وطن عزیز کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔فیض اللہ لون نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ان ایام کی تقریبات کا انعقاد اس لیے ضروری ہے تاکہ نئی نسل اپنی تاریخ اور اسلاف کی قربانیوں سے روشناس ہو سکے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علم کے حصول کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی توجہ دیں اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع کے حوالے سے جس سکول میں تقریب نہیں ہوگی اسکو پیر کے روز تعطیل نہیں ہوگی، جبکہ پروگرام انعقاد کرنے والے اسکولوں کو پیر کے روز ایک یوم کی تعطیل کی جائے گیتقریب میں اساتذہ، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ طلبہ نے نعت خوانی، ملی نغمے اور تقاریر پیش کر کے عید میلاد النبی اور یومِ دفاع پاکستان کی اہمیت اجاگر کی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پروگرامز کا اختتام ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا پر کیا گیا۔ضلع سکردو میں بھی 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان اور 12 ربیع الاول عشرہ رحمت اللعالمین نہایت عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی بلتستان طفیل احمد، ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد، ایس ایس پی سکردو کاچو ناصر، اسسٹنٹ کمشنر سکردو احسان الحق و دیگر افسران نے صبح 9 بجے یادگار شہداء سکردو پر قومی پرچم لہرایا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ بعد ازاں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔دریں اثناء گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 اسکردو میں بھی 12 ربیع الاول اور 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے سلسلے میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان عبدالوھاب میر تھے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن اسکردو اور ڈسٹرکٹ انسپکٹر سکولز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء نے نعتیہ کلام اور تقاریر پیش کیں جن میں 12 ربیع الاول کی اہمیت اور یوم دفاع پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اسی طرح ضلع شگر میں بھی عشرہ رحمت العالمین اور یومِ دفاع پاکستان کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی زیرِ نگرانی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری و تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے ڈی سی شگر، ڈی ڈی ایجوکیشن اور دیگر معزز مہمانوں نے خطاب کیا، جنہوں نے سیرتِ طیبہؐ اور حب الوطنی کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ضلع گانچھے چھوربٹ میں یومِ دفاع پاکستان کے سلسلے میں انتظامیہ چھوربٹ کی زیرِ نگرانی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری و تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریبات کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر آفس چھوربٹ میں پرچم کشائی سے ہوا، جہاں چھوربٹ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اسسٹنٹ کمشنر چھوربٹ تحصیلدار چھوربٹ نائب تحصیلدار چھوربٹ اور ایس ایچ او چھوربٹ شرکت کی۔عالم اسلام کی طرح آج پورے ضلع میں عید میلادالنبی انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی زیر قیادت قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی غذر کیمپس میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جہاں علماء کرام، عمائدین علاقہ اور طلباء و طالبات اور شعبہ ھائے زندگی سے تعلق رکھنیوالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یومِ دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے گورنمنٹ ڈگری کالج علی آباد، ہنزہ میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر ہنزہ، نظام الدین تھے، جنہوں نے پرچم کشائی کی۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے اراکین، مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان، سول سوسائٹی کے نمائندوں، نُمبرداران اور کالج کے طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ طلباء و طالبات نے وطنِ عزیز کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے والے جواں مردوں اور خواتین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول استور میں سیرت کانفرنس منعقد ہوئی.سیرت کانفرنس میں محکمہ جات کے سربراہان, صحافی اور سکول کے طلباء نے شرکت کی.مقررین نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پاک سیرت اور آپؐ کے اقول پر روشنی ڈالی.مقررین نے کہا کہ آج کے دور میں ہم سب کو حضور صلی الہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے.تاکہ ہمارے اعمال درست ہوں اور ہماری دنیا و آخرت سنور جا?.یومِ دفاع (6 ستمبر) کے موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے یادگارِ شہداء کھرمنگ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کی۔ اس موقع پر اے سی ایس (ڈویلپمنٹ)، کمشنر بلتستان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کھرمنگ بھی موجود تھے۔