بڑھتی مہنگائی،دارالحکومت کے نان بائیوں نے ہاتھ کھڑے کر دیئے

مظفرآباد(خبرنگارخصوصی)بڑھتی ہوئی شدید مہنگائی دارالحکومت مظفرآباد کے نان بائیوں نے ہاتھ کھڑے کردیئے پرانے ریٹ پرروٹی باقرخانی نان فروخت کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔ آٹے میدے گھی لکڑ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چھ ماہ قبل پنجاب میں روٹی کی قیمت 14روپے مقرر کرنے کیلئے آٹے کی قیمتیں کم کروا دی تھیں اور بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1400روپے مقرر کی گئی تھی لیکن اب اسی آٹے کی قیمت 2400روپے ہوگئی ہے اس لیئے اب روٹی کی قیمت اس مہنگائی کے تناسب سے مقرر کی جائے۔ ان خیالات کااظہار نان بائی ایسوسی ایشن کے چیئرمین راجہ عبدالعزیز صدر سید کامران علی نقوی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید کامران علی نقوی کا کہنا تھا کہ نان بائی کبھی بھی مہنگائی نہیں چاہتے کیونکہ ان کے مقرر کردہ ریٹ متاثر ہوتے ہیں گندم کے ریٹ کو کنٹرول کرنا حکومت کے بس میں نہیں ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ درخواست دیتے ہوئے 15دن سے زائد کا وقت گزر گیا ہے جس درخواست میں ہم نے استدعا کی ہے کہ آٹے کی قیمت زیادہ بڑھ چکی ہے۔ نئے نرخنامے جاری کریں کیونکہ نان بائی ایسوسی ایشن ایک انڈسٹری ہے جس سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ اس لیئے ہمارے ساتھ میٹنگ کرکے ہمیں سماعت کیا جائے اور اس کے مطابق روٹی نان باقرخانی کے نئے انراخ کا تعین کیا جائے تاکہ یہ انڈسٹری بند ہونے سے بچ جائے اور پہلے ہی بیروزگاری کا سیلاب ہے مزید لوگ بیروزگار نہ ہوں۔