انوارکی سرکار میں رہنا ہے یا اپنی حکومت بنانی ہے،پی پی آج فیصلہ کرے گی

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)حکومت میں رہنا ہے یا نہیں رہنا اپنی حکومت بنانی ہے یا انوار الحق کے ساتھ چلنا ہے۔ پیپلز پارٹی آج فیصلہ سنائے گی۔ فریال تالپور کے طلب کرنے پر آزادکشمیر پیپلز پارٹی کے ممبران اسمبلی کراچی کے روانہ، ن لیگ حکومت میں رہنے یا نہ رہنے کے بارہ میں کوئی فیصلہ نہ کرسکی۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کی طاق میں سیاسی فیصلے کرنا دونوں پارٹیوں کیلئے مشکل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کے رول کے حوالہ سے اہم اجلاس فریال تالپور نے کراچی میں طلب کیا ہے۔اس مقصد کیلئے پیپلز پارٹی آزادکشمیر ممبران اسمبلی کراچی کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے ہونے والے اجلاس میں حکومت سے علیحدگی کی قرارداد منظور کی جاچکی ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ آج ہوگا کیونکہ حکومت میں رہنے یا نہ رہنے اپنی حکومت بنانے کا اختیار پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے پاس نہیں بلکہ یہ اختیار پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی انچارج محترمہ فریال تالپور کے پاس ہے۔ محترمہ فریال تالپور فیصلہ کرینگی کہ پیپلز پارٹی کا آزادکشمیر کے اندر حکومت سازی یا موجودہ حکومت کا اتحادی رہیں یا نہ رہیں ا س طرح ن لیگ آزادکشمیر کی قیادت میں لیگی وزراء کو کئی بار وزارتوں سے مستعفی ہونے کیلئے کہہ چکی ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔ پیپلز پارٹی آزادکشمیر اور مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے وزراء بائیس ماہ تک وزارتوں پر برا جمان رہ کر حکومتی مزے لوٹنے کے بعد اب الیکشن کے قریب یہ فیصلہ کرنے جارہے ہیں کہ انوار الحق کی حکومت ٹھیک تھی یا غلط۔