اسٹیشن کمانڈر کا گرلز کیڈٹ کالج کا دورہ، گارڈ آف آنر، سلامی دی گئی

مظفرآباد (محاسب نیوز)اسٹیشن کمانڈر مظفرآباد نے سوموار کے روز کشمیر گرلز کیڈٹ کالج سٹلائیٹ ٹاؤن لنگرپورہ مظفرآباد کا خصوصی دورہ کیا۔ کالج پہنچنے پر ادارے میں زیرِ تعلیم کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے فوجی روایات کے مطابق انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی۔ اس موقع پر اسٹیشن کمانڈر کا فیکلٹی اور انتظامیہ سے تعارف کروایا گیا، بعدازاں انہوں نے اکیڈمک بلاک، کیڈٹ میس اور ایڈمن بلاک کا تفصیلی معائنہ کیا۔سٹیشن کمانڈر نے کالج انتظامیہ اور اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے ادارے کے تعلیمی اور تربیتی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کی عسکری تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں قومی ذمہ داریوں اور قیادت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے اس موقع پر کالج سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اسٹیشن کمانڈر نے کالج میں جدید ”ائی لیب” کے قیام اور آئی ایس ایس بی ٹریننگ کے لیے سامان فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ کمانڈر نے کہا کہ فارغ التحصیل ہونے والی کیڈٹس کو باقاعدہ آئی ایس ایس بی کی خصوصی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ مستقبل میں مسلح افواج سمیت قومی اداروں میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔اپنے خطاب میں سٹیشن کمانڈر نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور پاکستان کی سلامتی و بقا انہی کے کردار سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت، دیانت داری، عزم اور نظم و ضبط کو زندگی کا شعار بنایا جائے، یہی عناصر کسی قوم کو سربلندی عطا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر گرلز کیڈٹ کالج جیسے ادارے نہ صرف تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ مستقبل کے لیے قائدانہ صلاحیتوں کے حامل نوجوان تیار کر رہے ہیں۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذوالفقار علی قاضی نے اسٹیشن کمانڈر کو ادارے کے قیام کے اغراض و مقاصد، موجودہ مسائل اور مستقبل کے پروگراموں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا مقصد بچیوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ عسکری اور اخلاقی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ پرنسپل میجر ریٹائرڈ عبدالرشید مغل، ایڈمنسٹریٹر عابد خان خٹک، ڈائریکٹر فنانس مطیع اللہ جان، ایجوڈنٹ زاہد عباسی سمیت کمیونٹی نمائندگان میجر ریٹائرڈ گل زمان، ڈائریکٹر یونیورسٹی کیمپس جہلم ویلی امتیاز احمد اعوان اور اسلم اعوان بھی موجود تھے دورے کے دوران کیڈٹس نے ”پاکستان زندہ باد” اور ”پاک فوج پائندہ باد” کے نعرے لگا کر والہانہ جوش و خروش کا اظہار کیا۔ کیڈٹس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی تعلیم و تربیت کو بھرپور محنت اور لگن سے جاری رکھیں گی اور مستقبل میں مادرِ وطن کے دفاع و استحکام کے لیے عملی کردار ادا کریں گی۔