نئی نسل کو تحریک آزادی سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے،ظہیر قریشی
مظفرآباد(محاسب نیوز)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل آزادکشمیر ظہیر الدین قریشی نے کہا ہے کہ تحریک وتاریخ کشمیر کے حوالے سے جموں وکشمیرلبریشن سیل کے زیر اہتمام کوئز مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔نسل نو کو تاریخ وتحریک آزادی کشمیر سے آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کے درمیان کوئز مقابلے کا انعقاد خوش آئند ہے۔ طلبہ وطالبات نے بہترین انداز میں مقابلے میں حصہ لیا۔کوئز مقابلے کا بنیادی مقصد طلبہ وطالبات کو تاریخ کشمیر،کشمیر کی ثقافت، کلچر اور تحریک کشمیر سے آگاہ کرنا ہے۔ آج سوشل میڈیا کا دور ہے جس نے ہم نصابی سرگرمیوں کو محدود کر دیا ہے۔ جموں وکشمیرلبریشن سیل مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے۔یونیورسٹی سے سکولز تک تاریخ وتحریک کشمیر سے متعلق تقاریب کا انعقاد لائق تحسین ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جموں وکشمیرلبریشن سیل کے زیر اہتمام آل آزادکشمیر انٹر سکولز کوئز مقابلے سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سیکرٹری کشمیر کاز،آرٹس اینڈ لینگویجز رفاقت حسین خان،سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی عنایت علی،ڈائریکٹر جموں وکشمیرلبریشن سیل ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر KPRIخواجہ ہارون الرشید، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محترمہ شائستہ افتخار، نعمان منور، بابر بشیر اعوان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سمیت دیگر آفیسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی،کوئز مقابلے میں ضلع سدھنوتی کی ٹیم نے پہلی،ضلع پونچھ کی ٹیم نے دوسری جبکہ ضلع بھمبر کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب کے مہمان خصوصی نے اول،دوئم اور سوئم آنے والی سکول ٹیموں میں نقد انعامات،سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیں۔تقریب سے خطاب کے دوران مقررین نے کہا کہ کشمیرلبریشن سیل کے زیر اہتمام نسل نو کو تاریخ وتحریک کشمیر سے آگاہ کرنے کے لئے کوئز مقابلے کا انعقاد لائق تحسین ہے۔ آج کے دور میں نسل نو کو تاریخ وتحریک سے درست آگاہی کی فراہمی ناگزیر ہو چکی ہے۔ آج سوشل میڈیا کا دور ہے جہاں معلومات تو موجود ہیں لیکن ان معلومات کی صداقت پر پورا یقین نہیں کیا جا سکتا۔ سوشل میڈیا نے تحقیق کے کلچر کو دبا دیا ہے۔ تحقیق وتصدیق ندارد ہو رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس طرح کی تقاریب کو تواتر کے ساتھ جاری رکھاجائے اور تقاریب کے فارمیٹ میں بہتری لائی جائے۔