مہاجرین نشستیں نہ رہیں تو اسمبلی بھی نہیں رہے گی‘ماجدخان‘اکبرابراہیم
مظفرآباد (خبرنگارخصوصی) آزادکشمیر کے و زیر خزانہ عبدالماجد خان اور وزیر خوراک چودھری اکبر ابراہیم بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی قیادت میں اتحادی حکومت سے مستعفی ہونے والے وزراکی تعداد 4 ہوگئی، مستعفی ہونے والے وزرا کا مہاجرین مقیم پاکستان کی نشستوں پر منتخب ہوئے تھے۔، اس سے قبل وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید اور وزیر مذہبی اموراحمدرضا قادری بھی مستعفی ہوگئے تھے۔ و زیر خزانہ عبدالماجد خان اور وزیر خوراک چودھری اکبر ابراہیم آج مظفر آباد میں پریس کانفرنس میں مستعفی ہونے کی وجوہات بیان کریں گے۔ قابل ذکر ہے آزاد کشمیر میں حالیہ عوامی احتجاج کے دوران جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے پاکستان میں مقیم مہاجرین ممبران اسمبلی کی نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔ چار اکتوبر کو وفاقی حکومت کی کمیٹی اورجوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدے میں آزادکشمیر کابینہ کا حجم کم کرنے اور مہا جر وزرا سے وزارتوں کے قلمدان واپس لینے کا بھی معاہدہ ہوا تھا۔