بھارتی اقدامات سے مسئلہ کشمیر کی مسلمہ حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی، حریت کانفرنس

مظفرآباد (محاسب نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوئنیرغلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے گزشتہ کئی دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں، اور وہ حق خودارادیت کے اصولی موقف سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔مظفرآباد میں کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام مقبوضہ جموں و کشمیر پر ہندوستان کا قبضہ اور کشمیریوں کا حق مزاحمت کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششیں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، تاہم ان اقدامات سے مسئلہ کشمیر کی مسلمہ حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی۔ ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹرڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو یکطرفہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے نہ صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں بلکہ اپنے ہی آئین کی بھی خلاف ورزی کی۔



