
مظفرآباد/دبئی (محاسب نیوز) پاک سرزمین کٹھہ ریشیاں ینگ جنریشن کمیٹی کے صدر ملک محمد منیر اعوان نے موجودہ سیاسی ڈھانچے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہر پانچ سال بعد چہرے بدل کر آنے والے سیاستدان دراصل ایک ہی ذہنیت کے نمائندے ہیں، ان کا عوام سے کوئی حقیقی تعلق نہیں، ان کا واحد مقصد اقتدار اور اپنے سیاسی مفادات کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر خصوصاً ریشیاں اور کٹھہ جیسے دورافتادہ دیہی علاقے آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ سڑکیں ٹوٹی ہوئی، رابطہ نظام تباہ، سرکاری ادارے غیر فعال، اور نوجوان بے روزگار ہیں۔ یہی سیاستدان جو اسمبلی میں عوامی خدمت کے دعوے کرتے نہیں تھکتے، زمینی حقیقت یہ ہے کہ وہ اپنے حلقوں میں صرف چمچوں، چیلوں اور مخصوص ٹاؤٹ نیٹ ورک کو نوازتے ہیں۔ ترقیاتی سکیمیں ایمانداری سے تقسیم ہونے کے بجائے مخصوص لوگوں کے گھروں تک محدود رہتی ہیں، جبکہ اصل مستحق لوگ محرومیوں کا شکار رہتے ہیں۔ انہوں نے موبائل سروس اور انٹرنیٹ کے سنگین مسئلے پر خاص طور پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریشیاں اور کٹھہ آج کے جدید دور میں بھی بنیادی موبائل سنگلز اور تیز رفتار انٹرنیٹ جیسی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ایک معمولی کال کرنا بھی عذاب ہے، طلبہ آن لائن کلاسیں نہیں لے سکتے، نوجوان فری لانسرز مواقع سے دور ہیں، اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں۔




