عدالت العالیہ نے غیر جریدہ اسامیوں پر تقرریوں کیلئے تھرڈ پارٹی ایکٹ 2021 ء بحال کر دیا

مظفرآباد(محاسب نیوز)آزاد جموں کشمیر عدالت العالیہ نے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری اداروں میں گریڈ 7 سے 15 تک کی غیر جریدہ اسامیوں پر تقرریوں کیلئے تھرڈ پارٹی ایکٹ 2021 بحال کر دیا، مقدمہ عنوانی آزادجموں و کشمیر ہائی کورٹ بار راجہ وسیم یونس صدر ہائی کورٹ بار،راجہ ظفر عمر ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری بنام آزاد حکومت میں محفوظ فیصلہ سنا دیا گیاجس کے بعد آئندہ تمام محکمہ جات میں گریڈ 7 سے بالا تمام اسامیوں پر تقرریاں غیر جانبدار تھرڈ پارٹی کے ذریعے عمل میں لائی جائیں گی، عدالت العالیہ نے اپنے فیصلہ میں واضح کیا کہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے تقرریوں کے نظام کا مقصد شفافیت، میرٹ اور اہلیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ سرکاری بھرتیوں میں کسی قسم کی جانبداری یا اقرباپروری کی گنجائش نہ رہے۔عدالت العالیہ نے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ آئندہ تمام محکمہ جات، ادارے اور نیم سرکاری ادارے بھرتیوں میں تھرڈ پارٹی نظام کو لازمی طور پر اختیار کریں۔ اس نظام کے تحت، ہر امیدوار کا ٹیسٹ اور انٹرویو غیر جانبدار تھرڈ پارٹی کے ذریعے ہوگا، جس سے تقرریوں کے عمل کو شفاف اور میرٹ پر مبنی بنایا جا سکے گا۔واضح رہے کہ تھرڈ پارٹی ایکٹ 2021 آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے ابتدائی طور پر شفاف بھرتیوں کے لیے منظور کیا تھا تاہم 2023 میں قانون ساز اسمبلی نے اس ایکٹ کو ختم کر دیا تھا، جس کے بعد مختلف محکموں میں بھرتیوں کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا ہوئے۔ عدالت العالیہ کے اس فیصلے سے آزاد جموں و کشمیر کے ہزاروں تعلیم یافتہ بے ورزگار نوجوانوں کیلئے میرٹ پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اورشفافیت کی بحالی،میرٹ کی راہ ہموار ہو گی، اس فیصلے کے بعد اب تمام سرکاری اداروں میں گریڈ 7 سے بالا اسامیوں پر بھرتی کا عمل این ٹی ایس طرز کے امتحان اور میرٹ لسٹ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ اس اقدام سے جہاں امیدواروں کو یکساں مواقع ملیں گے، وہیں بھرتیوں میں سیاسی مداخلت اور سفارشات کا خاتمہ بھی ممکن ہوگا، کیس کی سماعت عدالت العالیہ کے جسٹس سردار اعجاز نے کی، حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔



