سڑک تعمیر کے منصوبے کا معیارسو فیصد یقینی بنایا جائے،ڈی سی میرپور

میرپور (بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض کی زیر صدارت چوک شہیداں تا کرکٹ اسٹیڈیم تک بننے والی میاں محمد روڈ اور مختلف جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جلاس میں ایکسین بلڈنگ چوہدری محمد ثاقب حسین، اور ایس ڈی او شاہرات سید حسن شاہ بخاری نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے ہدایت دیں کہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے معیار کو سوفیصدیقینی بنایا جائے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی غفلت کوتاہی یا لاپروائی برتی گئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ جن منصوبہ جات پر کورٹ کی طرف سے سٹے آرڈر ہے اس کے لیے عدالت میں محکمانہ موقف پیش کرکے سٹے آرڈر کو برطرف کروانے کی کاروائی کی جائے تاکہ ان منصوبہ جات پر بھی سٹے آرڈر ختم ہونے کے بعد کام شروع ہوسکے۔انھوں نے کہا کہ جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات کے دوران افسران خود فیلڈ میں جاکر موقع پر کام کی رفتار اور پراگرس چیک کریں تاکہ منصوبہ جات کی بروقت تکمیل ہوسکے۔



