گلگت بلتستان ٹوبیکو کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2025 متفقہ طور پر منظور
گلگت بلتستان میں تمام ایمرجنگ تمباکو مصنوعات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے،ذرائع

گلگت (محاسب نیوز)گلگت بلتستان حکومت نے نوجوانوں اور آئندہ نسلوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے گلگت بلتستان ٹوبیکو کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2025 کو اپنی اسمبلی کے آخری اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ اس قانون کے تحت گلگت بلتستان میں تمام ایمرجنگ تمباکو مصنوعات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔نئے قانون کے مطابق ہیٹڈ تمباکو مصنوعات، ویپنگ ڈیوائسز، سموک لیس تمباکو پاؤچز جیسے ”ویلو”، اور دیگر جدید تمباکو اشیاء کی خرید و فروخت، استعمال اور پروموشن مکمل طور پر غیر قانونی قرار دے دی گئی ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مختلف جرمانے اور سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔صوبائی حکومت نے اس اقدام کو عوام، بالخصوص نوجوان نسل کی صحت کے تحفظ اور تمباکو سے پاک معاشرے کی تشکیل کی طرف ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے قانون کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے ایک اہم تحفہ قرار دیا ہے۔ اینٹی نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اب ان مصنوعات کی فروخت کی روک تھام کے لیے فعال کردار ادا کریں گے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔




