مرکزی ایوان صحافت صحافیوں کے حافظ بچوں کے اعزاز میں تقریب،عمرہ ٹکٹ پرقرعہ اندازی
مظفرآباد (محاسب نیوز) مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد میں نورِ ایمان سے منور بابرکت تقریب عظمتِ قرآن کانفرنس آٹھ خوش نصیب حافظِ قرآن بچوں کی تکمیلِ حفظ پر اعزازات، مولانا فیاض احمد کو خصوصی سند، عمرہ کی قرعہ اندازی میں سید ندیم شاہ کی کامیابی۔مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد کے زیرِ انتظام عظمتِ قرآن کانفرنس تزک و احتشام اور روحانی جذبوں کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں پریس کلب کے معزز اراکین کے آٹھ جگر گوشوں نے مدرسہ عبداللہ بن عباس میں حفظِ قرآن کی سعادت مکمل کرنے پر اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لایا۔ اس مبارک موقع پر نوخیز حفاظ کرام کو شیلڈز، تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نواز کر ان کی عظیم کامیابی کو سراہا گیا۔تقریب میں مدرسہ عبداللہ بن عباس کے مہتمم اور جید عالمِ دین مولانا فیاض احمد کو دینی خدمات کے اعتراف میں خصوصی تعریفی سند بھی پیش کی گئی، جس پر محفل میں موجود علما و صحافی برادری نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔کانفرنس کے اختتام پر پریس کلب کے ممبران کے مابین عمرہ قرعہ اندازی ہوئی، جس میں خوش نصیب صحافی سید ندیم شاہ کا نام سامنے آیا اور انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔مولانا فیاض احمد نے اپنے بیان میں کہا قرآن کریم وہ آفاقی پیغام ہے جو انسان کو رب سے جوڑ کر اخلاق و کردار کے نئے باب کھولتا ہے۔ والدین جنہوں نے اپنے گھروں کو حفظِ قرآن کی روشنی سے روشن کیا، وہ حقیقی معنوں میں کامیاب و کامران ہیں۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ مدرسہ عبداللہ بن عباس میں پریس کلب کے اراکین کے بچوں کے لیے مخصوص نشست مستقل طور پر مختص کر دی گئی ہے، تاکہ یہ سلسلہ نسل در نسل جاری رہے اور قرآن کی روشنی صحافت کے ہر گوشے میں پھیلے۔مولانا نے سابق و موجودہ صدور کو اس سعادت پر خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے جذبہ? خدمتِ دین کو سراہا۔تقریب سے صدر سجاد قیوم میر اور سابق صدر سید آفاق حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آج کی یہ محفل اس حقیقت کا اعلان ہے کہ صحافت صرف قلم کی جنگ نہیں لڑتی بلکہ یہ ایمان و اخلاق کی پاسدار بھی ہے۔ ہمارے معصوم حفاظ مستقبل کے معمار ہیں جن کے سینوں میں اللہ کا کلام محفوظ ہے،




