
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کا مشورہ دیدیا، انہوں نے مذاکرات کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کر دی۔
اسپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ اداروں کو بُرا بھلا کہنے اور الزامات لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، آپس میں بیٹھ کر معاملات حل کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ عامر ڈوگر کو خط لکھا ہے ، حکومت سے بھی گزارش کروں گا، پہلے بھی کچھ اقدامات کیے تھے لیکن صلہ اچھا نہیں ملا۔
اسپیکر نے کہا آپ لوگ مشورہ کرلیں اور سوچ لیں کہ کیا کرنا ہے۔
اپوزیشن لیڈر سے متعلق بات کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا معاملہ عدالت میں زیر التوا ہے، جیسے ہی عدالتی آرڈر آجائے گا وہ فیصلہ کر دیں گے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ان کی لیڈر شپ کو احساس ہے کہ ان حالات میں ہم نے وہ کام کرنے ہیں جن سے پارٹی کے بانی عمران خان اور دیگر قیدیوں کی رہائی ممکن ہو۔




