گوہرآباد اور چڑوئی میں1ہزار فٹ پائپ چوری، پانی نایاب

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ )ہٹیاں بالا کے نواحی علاقوں گوہرآباد غربی اور چڑوئی میں پانی کا شدید بحران، ایک ہزار فٹ پائپ لائن چوری اور آتشزدگی کے باعث جل کر خاکستر،،ہزاروں افراد متاثر،دونوں علاقے کربلا کا منظر پیش کرنے لگے۔تفصیلات کے مطابق ہٹیاں بالا کے نواحی علاقہ چڑوئی میں نامعلوم افراد نے گھاس کو آگ لگائی جس کے باعث چڑوئی کی تقریباً پانچ سو فٹ پائپ لائن جل گئی،دوسری طرف گوہرآباد غربی میں پانی کا واحد ذریعہ 6 کلو میٹر دور واقع شاریاں چشمہ ہے، جہاں سے آنے والی پائپ لائن کے آغاز کی تقریباً 500 میٹرلائن نامعلوم افراد رات کی تاریکی میں چوری کر کے لے گئے،اس واقعے کے بعد گوہرآباد غربی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا،مقامی ذرائع کے مطابق یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل بھی متعدد بار پائپ لائن غائب اور آگ لگانے کے باعث جلائی گئیں،جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے،پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی نے بزرگوں، خواتین اور بچوں کی زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، جبکہ روزمرہ امور بھی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں،عوامِ علاقہ گوہرآباد غربی،چڑوئی نے ضلعی انتظامیہ،مقامی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، پائپ لائن چوری اور جلانے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،پانی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آپائے،علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام اور متعلقہ حکومتی اداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ اس انتہائی تشویشناک مسئلے کی جانب فوری توجہ دی جائے، کیونکہ پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محرومی کسی بڑے انسانی المیے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔




