مظفرآباد

پاک فوج کے زیراہتمام انڈر 18والی بال سیریز کا کامیاب انعقاد

مظفرآباد (محاسب نیوز)پاک فوج اور یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام انڈر 18 والی بال سیریز 2025 کا شاندار انعقادآزاد جموں و کشمیر میں نوجوان ٹیلنٹ کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پاک فوج، یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر اور محکمہ سپورٹس، امورِ نوجوانان و ثقافت حکومت آزاد جموں و کشمیر کے باہمی اشتراک سے انڈر 18 والی بال سیریز 2025 کا کامیاب اور شاندار انعقاد کیا گیا۔اس اسپورٹس ایونٹ میں عسکری قیادت کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، جن میں اسٹیشن کمانڈر مظفرآباد، سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آر،، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان بریگیڈیئر سہیل طارق، مقامی کمانڈرز، جبکہ سول انتظامیہ کی جانب سے سیکرٹری سپورٹس قاضی عنایت، ڈی جی سپورٹس ملک شوکت حیات اور یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کی سینئر قیادت شامل تھی۔ معزز مہمانوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے ایونٹس کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔سیریز کے دوران قومی انڈر 18 والی بال ٹیم اور آزاد جموں و کشمیر انڈر 18 ٹیم کے درمیان سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ نوجوان کھلاڑیوں نے اعلیٰ تکنیکی مہارت، نظم و ضبط اور کھیل کے بہترین جذبے کا مظاہرہ کیا، جسے شائقین نے بھرپور داد دی۔ مقابلوں کے دوران کھیلوں سے وابستہ افسران، کوچز، کھلاڑیوں، یونیورسٹی اساتذہ، طلبہ اور تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔اس موقع پر منتظمین کا کہنا تھا کہ انڈر 18 سطح پر ایسے مقابلے نوجوان صلاحیتوں کو نکھارنے، منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور مستقبل کے قومی و بین الاقوامی کھلاڑی تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ عسکری قیادت اور یونیورسٹی انتظامیہ نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے مثبت سمت دینا قومی ترقی اور معاشرتی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔شرکاء اور معزز مہمانوں نے ایونٹ کے بہترین انتظامات، نظم و ضبط اور اعلیٰ معیار پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ پاک فوج، یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر اور محکمہ سپورٹس کے باہمی تعاون سے آئندہ بھی ایسے معیاری اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد جاری رہے گا۔آزاد کشمیر والی بال انڈر 18کے دو کھلاڑی نیشنل انڈر 18ٹیم میں سلیکٹ کر دیے گئے

Related Articles

Back to top button