مظفرآباد

نیلم‘وفاقی وزارتِ صحت کی جانب سے ایمبولینسزہسپتالوں کوفراہم کردی گئیں

نیلم (بیوروپرپورٹ‘پی آئی ڈی) ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت اور تعمیر و ترقی ہماری جدوجہد کا بنیادی مقصد ہے۔ نیلم کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے روایتی اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سول اسپتال شاردہ، بی ایچ یو دودھنیال اور آر ایچ سی لوات کو وفاقی وزارتِ صحت کی جانب سے ایمبولینسز فراہم کروا دی گئی ہیں جبکہ گریس ویلی کے لیے بھی جلد ایمبولینس کی ضرورت پوری کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ افواج ہمارا سینہ، عوام ہماری پشت اور علماء ہمارے سر کا تاج ہیں۔ وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال کی طبی خدمات اور کاوشوں کو اللہ رب العزت قبول فرمائے۔وہ گزشتہ روز لوات بالا میں ایمبولینس حوالگی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ بالائی وادی نیلم میں موسمی شدت کے باعث عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے اور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سرکاری و نجی دونوں سطحوں پر مؤثر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔تقریب سے ڈپٹی کمشنر نیلم چوہدری اقبال حسن، چیئرمین سید طاہر علی کاظمی، ڈسٹرکٹ کونسلر ڈاکٹر غلام محمد، خواجہ غلام حیدر اور مفتی عبیدالرحمن شاہ نے بھی خطاب کیا اور وفاقی وزارت صحت بالخصوص وزیر صحت سید مصطفی کمال کی وادی نیلم کے عوام کے لیے طبی سہولیات کی فراہمی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔مولانا پیر مظہر سعید شاہ کے لوات بالا پہنچنے پر فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، مالائیں پہنائیں اور“تیرا پیر، میرا پیر، مظہر پیر”کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ عوام نے آر ایچ سی کے قیام اور ایمبولینس کی فراہمی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔تقریب کے دوران ایمبولینس کی فائل اور چابی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی مغل کے حوالے کی گئی۔ بعد ازاں مولانا پیر مظہر سعید شاہ نے خواجہ سیری میں خواجہ شاہ زمان (سینئر مدرس)، خواجہ فیض (سینئر مدرس)، خواجہ امتیاز (ڈسپنسر) اور خواجہ شاہنواز کی والدہ محترمہ کے انتقال پر ان کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی، لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

Related Articles

Back to top button