بھمبر میں بارش اور ژالہ باری سے سردی اورلوگوں کی مشکلات میں اضافہ

بھمبر(پی آئی ڈی/ محاسب نیوز)بھمبر: بارش اور ژالہ باری، سردی میں اضافہ، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ،ضلع بھمبر کے مختلف علاقوں میں گذشتہ روز بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم سرد ہو گیا، جس سے روزمرہ معمولات متاثر ہوئے۔ پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے جبکہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز نے ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بالخصوص پہاڑی علاقوں میں محتاط رہیں اور بارش کے دوران پھسلن والی سڑکوں پر خاص احتیاط برتیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو، محکمہ شاہرات اور دیگر ادارے تیار ہیں، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔




