اورسیز کنونشن کی میڈیا مینجمنٹ کے انتظامات مکمل کر لیے‘راشدحنیف

مظفرآباد(پی آئی ڈی/محاسب نیوز) سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف کی زیر صدارت اوورسیز کشمیری کنونشن کی میڈیا کوریج اینڈ مینجمنٹ کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی ہمراہ وزیراعظم سید عزادار حسین کاظمی، ناظم تعلقات عامہ محمد بشیر مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محترمہ قراہ العین، آفیسران محکمہ تعلقات عامہ محمد سہیل خان، سید آصف حسین نقوی، راجہ عبدالباسط خان، خواجہ محمد حنیف اور ساجد نذیر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فروری کو مظفرآباد میں ہونے والے اوورسیز کشمیریز کنونشن کی میڈیا کوریج کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے کہا کہ اس تاریخی ایونٹ کی بھرپور میڈیا کوریج کو یقینی بنایا جائے۔ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر ایونٹ کی تشہیر کے لیے محکمہ اطلاعات اقدمات کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی ایونٹ ہے جس سے آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہونگے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔ معاون خصوصی ہمراہ وزیراعظم سید عزادار حسین کاظمی نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے اس ایونٹ کی میڈیا مینجمنٹ اور کوریج کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر اس ایونٹ کی تشہیر سرگرمیاں شروع ہو چکی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ اس ایونٹ کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی مل سکے۔ ناظم تعلقات عامہ محمد بشیر مرزا نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت آزادکشمیر کی ہدایت پر ایونٹ کی بھرپور کوریج کو یقینی بنائے گا۔ اس مقصد کے لیے ہم چھٹیوں کے دوران بھی دفتر حاضر رہ کر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر اور وزیراطلاعات کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ اطلاعات ہمہ وقت کام میں مصروف ہے۔


