اوور سیز کشمیر کانفرنس ریاست کے بہترین معاشی مستقبل کیلئے جامع روڈ میپ ہے‘فیصل راٹھور/امیرمقام

مظفرآباد (محاسب نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ آج کی اوور سیز کشمیری کانفرنس کوئی رسمی اجتماع نہیں بلکہ آزادکشمیر کے روشن اور معاشی طور پر مستحکم مستقبل کا عملی آغاز ہے۔ہم حالات کو بدلنے کی بنیاد رکھنے آئے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ روایتی طرزِ فکر سے نکل کر آؤٹ آف دی باکس فیصلے کیے جائیں، چیئرمین او پی ایف کی کاوشوں سے یہ خواب حقیقت میں تبدیل ہوا اوور سیز کشمیر کانفرنس ریاست کے بہترین معاشی مستقبل کے لیے ایک جامع روڈ میپ کی حیثیت رکھتی ہے جسے حکومت نے اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، مستقبل سسٹین ایبل انرجی کا ہے، آزادکشمیر ریئر ارتھ منرلز، جیم سٹونز اور دیگر معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،ہم جنریشنل بینیفٹس کی بات کر رہے ہیں، ایسی پالیسی بنا رہے ہیں جس سے آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوں۔اسی مقصد کے لیے رئیل اسٹیٹ اسپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جو نوے دن کے اندر فیصلے سنانے کی پابند ہوں گی۔ اس اقدام سے سرمایہ کاری کے عمل کو شفاف اور تیز بنایا جائے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ حکومتی فیصلوں کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ موجودہ قوانین کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور اگر ضرورت پیش آئی تو نئی قانون سازی بھی کی جائے گی تاکہ کاروبار اور صنعت کے فروغ میں کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے۔ہماری پالیسی میں تعطل نہیں آئے گا، ہم تسلسل کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور سرمایہ کاروں کو واضح اور مستحکم ماحول فراہم کریں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اوورسیز کشمیری کانفرنس سے خطاب میں کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ میرپور میں چھ انڈسٹریل یونٹس دستیاب ہیں جبکہ ڈرائی پورٹ کے قیام کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے جو درآمدات و برآمدات کے عمل کو آسان بنائے گا۔




