عالمی یوم خواتین‘ریلیاں‘سیمینار‘ اسلام نے خواتین کو بڑا مقام دیا ہے(فیصل راٹھور)

اسلام آباد (بیوروپورٹ‘پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اسلام نے خواتین کو بڑا مقام دیا ہے،سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے خواتین کے حقوق بیان فرمائے اور انہیں ہر شعبہ زندگی میں نمائندگی دی حتیٰ کہ جائیداد تک میں انہیں بھرپور حصہ دیا گیا،کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، پاکستانی و کشمیری خواتین بھی گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ معاشی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں اور ہر شعبہ زندگی میں اپنا لوہا منوا کر دوسری خواتین کیلئے بھی راہیں ہموار کررہی ہیں، تحریک آزادی کشمیر میں دلیرانہ کردار ادا کرنے والی خواتین کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں،خاتون جنت حضرت فاطمہ الزہرہ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے,محترمہ نصرت بھٹو شہید نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلیے لازوال قربانیاں دیں اور ایم آر ڈی تحریک کی قیادت کی۔محیرمہ بے نظیر بھٹو شہید نے قانون کی حکمرانی کیلیے غیر معمولی جدوجہد کی۔محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے فرسٹ وویمن بنک کی بنیاد رکھی اور وویمن پولیس اسٹیشن قائم کر کے ملک کی خواتین کو معاشی تحفظ اور قانونی تحفظ دیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہار خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت خواتین کی ترقی اور بہبود پر خاص توجہ دے رہی ہے، آزاد کشمیر میں خواتین کو اپنے ہر پروفیشن میں کام کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، خواتین کے خلاف ہراسمنٹ کے کیسز میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، مختلف ووکیشنل تربیت کے اداروں میں خواتین کو فنی تربیت مہیا کی جا رہی ہے تاکہ وہ معاشرے کی کارآمد شہری بنیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بلاسود قرضوں کے سرکاری پروگرام میں بھی خواتین کو مردوں کے برابر حقوق حاصل ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔



