اوگی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی تعمیر 9سال سے مکمل نہ ہو سکی ، میاں سید الرحمان
اوگی (نامہ نگار)اوگی کے تاجر رہنما میاں سیدالرحمن نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اوگی کی نو سال سے التوا کا شکار تعمیر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور مقامی ایم پی اے اکرام غازی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کا کام فوری بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو علاج معالجہ کی جدیدسہولیات میسر آسکیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نےکہا کہ اوگی کی آبادی خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع سے زیادہ ہے، لیکن یہاں کے شہری آج بھی بنیادی اور جدید طبی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معمولی بیماری یا حادثے کی صورت میں لوگوں کو مانسہرہ یا ایبٹ آباد جانا پڑتا ہے، جو کہ یہاں کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے بتایا کہ عوام نے پی ٹی آئی پر ایک بار پھر اعتماد کیا، صوبائی اور قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں پر پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے، لیکن اس کے باوجود ہسپتال جیسے اہم منصوبے پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور ایم پی اے اکرام غازی سے مطالبہ کیا کہ ہسپتال کی عمارت کی جلد تکمیل کے ساتھ ساتھ لیبارٹریز، ماہر ڈاکٹروں اور جدید طبی مشینری کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ اوگی کے لاکھوں شہریوں کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔