
پشاور ( بیورورپورٹ )صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بروقت ریلیف کی فراہمی پرمتاثرین کا صوبائی حکومت پراعتماد بحال ہوگیا، یہ ہماری حکومت کی بڑی کامیابی اورہمارے بہتر طرزحکمرانی کا واضح ثبوت ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بروقت ریسکیو، ریلیف آپریشنز پرسول انتظامیہ کوخراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر علی امین کا کہنا تھاکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور صوبائی محکموں سمیت سب نےبہترین کام کیا، ملک کی تاریخ میں اتنی جلدی متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کبھی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ بروقت ریلیف کی فراہمی پرمتاثرین کا صوبائی حکومت پراعتماد بحال ہوگیا، یہ ہماری حکومت کی بڑی کامیابی اورہمارے بہتر طرزحکمرانی کا واضح ثبوت ہے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھاکہ سیلاب متاثرین کےمال مویشیوں کےنقصانات کا ڈیٹا اکھٹا کیا جا رہا ہے، اس مد میں بھی معاوضوں کو بڑھانے پر غور کیا جائے گا، تباہ شدہ سرکاری املاک کا ڈیٹا اکھٹا کیا گیا ہے اورتباہ شدہ سرکاری املاک کی بحالی پرجلد کام شروع کیاجائےگا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم سیلاب سے متاثر ہوئے اسی طرح افعان بہن بھائی زلزلے سے متاثر ہوئے، افعان متاثرین زلزلہ کی مدد کرنا ہمارا اخلاقی فرض اور انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے، ہم نے زلزلہ متاثرین کےلیے فوری طورپر35 ٹرکوں پرمشتمل امدادی سامان بھیج دیا ہے، صوبائی حکومت زلزلہ متاثرین کی مزید بھی مدد کرے گی۔