ندول شریف‘میلاد النبیؐ کانفرنس‘موئیمبارک کا، دیدار کرایا

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)آستانہ عالیہ ندول شریف کے زیر اہتمام عظیم الشان جشن میلاد النبی ﷺ و جلسہ دستار فضیلت کانفرنس، پرنور اجتماع میں حضور نبی کریم ﷺ کے موئے مبارک کے دیدار کے دوران رقت آمیز مناظر، آنکھیں اشکبار اور دلوں کی دھڑکنیں عشق رسول ﷺ کی حرارت سے معمور،فضائیں درود و سلام ”یا رسول اللہ اور ”تاجدار ختم نبوت زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہیں، سجادہ نشین آستانہ عالیہ ندول شریف پیر سید ارشد حسین گیلانی کی زیر صدارت کانفرنس میں سجادہ نشین آستانہ عالیہ گولڑہ شریف پیر سید غلام شمس الدین شمس گیلانی کی آمد پر سینکڑوں افراد امڈ آئے، پاکستان و آزاد کشمیر کے نامور علماء کرام، مشائخ عظام،ثناء خوان حضرات کی شرکت،بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، جامعہ غوثیہ گیلانیہ ضیاء العلوم سے پانچ حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی، جماعت اہل سنت ختم نبوت فورم کی جانب سے سجادہ نشین پیر سید ارشد حسین گیلانی اور امیر جماعت اہل سنت آزادکشمیر علامہ سید محمداسحاق نقوی کو شیلڈ سے نوازا گیا،میلاد النبی ﷺ کانفرنس میں سجادہ نشین آستانہ عالیہ گولڑہ شریف پیر غلام شمس الدین شمس نے اپنے والد پیر سید نصیر الدین نصیر رحمتہ اللہ علیہ کے انداز میں اپنا نعتیہ کلام پیش کرتے ہوئے خصوصی خطاب کیا، سجادہ نشین پیر سید ارشد حسین گیلانی،امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر علامہ سید محمد اسحاق نقوی، سابق چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر قاضی ابراہیم چشتی، پیر سید عظمت حسین شاہ گیلانی،علامہ احمد اقبال اور پروفیسر سید شبیر حسین نقوی نے جشن میلاد النبی ﷺ اور ختم نبوت پر ایمان افروز اور ولولہ انگیز خطابات کیے۔ مقررین نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کا یہ جشن ایمان کی تازگی اور عشق رسول ﷺ کے تجدید عہد کا پیغام ہے، عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کے ایمان کی اساس ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں، راولپنڈی سے آنے والے معروف نعت خواں سید نوید کاظمی نے نعت رسول مقبول کے پھول نچھاور کیے، تقریب میں جامعہ غوثیہ گیلانیہ ضیاء العلوم کے پانچ حفاظ کرام کی دستار بندی بھی کی گئی۔ پیر سید ارشد حسین گیلانی نے اعلان کیا کہ جامعہ غوثیہ گیلانیہ ندول شریف میں کمپیوٹر کلاسز کے لیے اسے جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کریں گے،اورتنظیم المدارس اہل سنت کے تحت درسِ نظامی کے شعبہ کتب کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ علم و روحانیت کا یہ چراغ آئندہ نسلوں تک منتقل ہو۔پیر سید ارشد حسین گیلانی نے میلادمصطفی ﷺ کانفرنس میں موجود قرب وجوار، اطراف واکنار سے آنے والے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا،امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے آستانہ عالیہ ندول شریف کے زیر اہتمام سال بھر کے اہم اسلامی تہواروں پر محافل میلاد النبی ﷺ کے انعقاد پر پیر سید ارشد گیلانی کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعمال کی پختگی اور عقائد کی درستگی کیلئے اقدامات قابل رشک ہیں۔خانقائی نظام کیلئے جن اسباب اور اوصاف کا ہونا ضروری ہے اللہ تعالیٰ نے صاحبزادہ پیر سید ارشد گیلانی کو ودیعت کردیا ہے،مقررین نے کہا کہ حضور نبی کریم کی ولادت باسعادت نے ظلمت کدہ عالم کو نور سے منور کر دیا۔