مظفرآباد

ہم پرکوئی ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا‘ انوارالحق

اسلام آباد(پی آئی ڈی)آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے پنڈی جہونجہ سے ہارون یونس،غلام رسول،فیصل احمد نے ملاقات کی دریں اثناء وزیراعظم سے سنگھر سے لیاقت علی،سلیم احمد،محمد شفیق اور مظہر احمد نے ملاقات کی۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں گڈ گورننس کا فروغ اور میرٹ کی بالادستی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل خود اپنی ذات سے شروع کیا،حلقے کو بہت کم وقت دے سکا کیونکہ پورا آزادکشمیر میرا حلقہ ہے، ریاست کے لوگوں کی فلاح وبہبود یقینی بنانے اور تعمیر وترقی کو یقینی بنانے کیلیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا جب عنان حکومت سنبھالی تو آزادکشمیر حکومت کو خسارے کا سامنا تھا،اداروں میں نظم و نسق کا فقدان تھا جسے دور کیا،معاشرے میں قائم جمود کو ختم کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ اداروں میں میرٹ پر تعیناتیاں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جب آپ اپنی ذات سے شروع کرتے ہیں تو پھر کسی قسم کا ڈر خوف ختم ہو جاتا ہے۔ اللّہ پاک کا مجھ پر خاص کرم اور میرا مرشد خانہ میری والدہ محترمہ کی دعاؤں سے جب اللّہ پاک نے یہ منصب مجھے عطا کیا تو تہیہ کر لیا تھا کہ جب تک قلم میں اختیار ہے اسے آزادکشمیر کے عوام کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کیلیے استعمال کرونگا۔ دو سال اور چار ماہ سے اقتدار میں ہوں کوئی مجھ پر یا میری کابینہ کے کسی رکن پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا، اصل تکلیف اس مافیا کو ہے جسے گردن سے پکڑا ہے،مافیا اور ان کے سہولت کار تڑپ رہے ہیں اور آہ و بُکا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا مرشد خانہ میری والدہ محترمہ نے مخلوق خدا کی بھلائی کی ہدایت کی تھی ان کے ارشادات کی روشنی میں اپنے کام میں مصروف عمل ہوں،میرٹ کو ہر حال میں یقینی بنایا ہے اور ضمیر مطمئن ہے،چائے مافیا،آٹا مافیا،ٹمبر مافیا کا خاتمہ کیا اور عام آدمی کی سہولت کو مدنظر رکھا مجھ پر اللّہ پاک کا بڑا کرم ہے نہ تنخواہ لیتا ہوں نہ ٹی اے ڈی اے،سادگی کو اپنایا ہے اور عوام کے ٹیکس کی حفاظت یقینی بنائی ہے، عوام کے ٹیکس کے پیسے پر عیاشیاں نہیں ہو سکتیں جب تک قلم میں اختیار ہے اس پر پہرہ دوں گا۔وفود نے وزیراعظم کے گڈ گورننس اقدامات کو سراہا۔

Related Articles

Back to top button