
ایبٹ آباد (محاسب نیوز)کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت اوور بلنگ اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی سے متعلق مسائل پر ایک اہم اجلاس کمشنر آفس ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ایاز خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی قاضی طاہر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد سہیل، سپرنٹنڈنٹ ہزارہ سرکل مانسہرہ II اور ایکسین ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی بٹگرام نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بٹگرام میں اوور بلنگ کے حوالے سے عوام کی بڑی تعداد کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی ہیں، جن میں بل ریڈنگ، ٹرانسفارمرز کی مرمت اور دیگر تکنیکی مسائل شامل ہیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بھی کمپنی کو درپیش مسائل سے متعلق فورم کو آگاہ کیا۔کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے عوامی شکایات پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور منصفانہ بلنگ عوامی اعتماد کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر شفاف بلنگ نہ صرف عوام کے اعتماد کو مجروح کرتی ہے بلکہ سرکاری اداروں کی ساکھ کو بھی متاثر کرتی ہے، خصوصاً اس وقت جب حکومت انسدادِ بجلی چوری اور ریکوری آپریشنز پر بھرپور عملدرآمد کر رہی ہے۔کمشنر ہزارہ نے اجلاس کے اختتام پر ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر بٹگرام اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی انتظامیہ باہمی رابطے اور م¶ثر کوآرڈینیشن کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ بٹگرام کے عوام کو بجلی سے متعلق درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے ایک جامع اور م¶ثر حکمتِ عملی ترتیب دی جائے تاکہ عوام کو سہولت اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔مزید برآں، کمشنر ہزارہ نے ہدایت دی کہ اوور بلنگ، بل ریڈنگ، ٹرانسفارمرز کی مرمت اور بجلی کی فراہمی سے متعلق تمام شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ عوامی اعتماد بحال ہو اور شکایات کا پائیدار حل ممکن بنایا جا سکے۔