کالمز

ایک درویش صفت شخصیت صفدر علی اعوان کی رخصتی

اعوان پٹی، مظفرآباد کی ایک جانی پہچانی، باوقار اور باکردار شخصیت، ریٹائرڈ ریڈر بورڈ آف ریونیو آزاد جموں و کشمیر ملک صفدر علی اعوان کی وفات پر علاقہ بھر میں فضائے سوگ طاری ہو گئی۔ یہ صرف ایک شخص کا انتقال نہیں، بلکہ ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ ایک ایسی زندگی کا اختتام ہوا جو معاملہ فہمی، سادگی، شرافت، خدمت، محبت اور خلوص کا عملی نمونہ تھی۔ مرحوم نہایت ملنسار، شریف النفس اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے اپنی سرکاری ملازمت کے دوران بھی اصولوں کو کبھی نظر انداز نہ کیا اور عوامی خدمت کو ہمیشہ ترجیح دی۔ ان کی طبیعت میں عاجزی، گفتار میں نرمی اور برتاؤ میں خلوص کا ایسا امتزاج تھا جو ہر ملنے والے کو اپنا گرویدہ بنا لیتا تھا۔ ملک صفدر علی اعوان مرحوم و مغفور کے والد محترم رحمت اللہ اعوان مرحوم بھی ایک معتبر شخصیت تھے وہ نہ صرف بلدیاتی الیکشن میں کونسلر منتخب ہوئے تھے بلکہ اپنے قبیلے کے بھی سربراہ تھے اور علاقے میں سرپنچ کی حثیت رکھتے تھے ان کی 1996 میں وفات ہوئی اس کے بعد خدمت خلق کے سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے ملک صفدر علی اعوان کو قبیلے کا سربراہ منتخب کیا گیا اور ان کی دستار بندی کر کے انہیں زمہ داریاں سونپی گئیں، 1996 سے لیکر وفات تک ملک صفدر علی اعوان نے ایک سرپنچ کی حثیت سے برادری علاقے کی بھرپور نمائندگی کی، ہمیشہ خیر بانٹی اور شر کی حوصلہ شکنی کی، سیاست میں کلیدی کردار ادا کیا محمد منیر اعوان مرحوم کی بطور ممبر اسمبلی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا ان کی وفات کے بعد سابق ممبر کشمیر کونسل رفاقت اعوان کو سیاست میں لانے میں کردار ادا کیا، علاقائی خاندانی معاملات کو بطریق احسن یکسو کرتے رہے، مرحوم کے فرزندان نصیر احمد اعوان (ملازم جنگلات) امتیاز احمد اعوان (ملازم داخلہ) ذولفقار علی اعوان (سب انجینئر ضلع کونسل مظفرآباد) رضوان صفدر اعوان(پٹواری محکمہ مال) محمد ارشد اعوان (ملازم آزاد کشمیر پولیس) ان کے حقیقی بھائیوں محمد بشیر اعوان، محمد منظور اعوان (ریٹائرڈ سیکشن آفیسر) محمد اسحاق اعوان سمیت جملہ ان کے جملہ عزیزو اقارب سے تعزیت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے خدمت انسانیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے،ان کے بیٹے ان کی تربیت کو عملی زندگی میں اپنا شعار بنایے رکھیں گئے، ملک صفدر علی اعوان نے نہ صرف اپنے خاندان کی بہترین تربیت کی، بلکہ اپنے اردگرد کے ماحول میں بھی اخلاقی اور سماجی اقدار کو فروغ دیا۔ ان کے گھر کا دروازہ ہمیشہ اہل علاقہ، دوست احباب اور ضرورت مندوں کے لیے کھلا رہتا تھا۔جنازہ جنازہ مہتمم مدرسہ امیر حمزہ اعوان پٹی گڑھی دوپٹہ مفتی عبدالقدیر کی اقتداء میں ادا کی گئی جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنازے میں سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات، چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد امتیاز احمد عباسی، سابق وزیر حکومت ڈاکٹر مصطفےٰ بشیر عباسی، سابق ممبر کشمیر کونسل رفاقت اعوان، سابق مشیر حکومت مبشر منیر اعوان، مشتاق احمد جوش سمیت سینکڑوں معززین شریک ہوئے۔ مقامی و ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران، سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندے، اور ہر مکتب فکر سے وابستہ افراد اس موقع پر موجود تھے، جو اس بات کا ثبوت تھا کہ مرحوم ایک مقبول عام شخصیت تھے جن کی محبتیں ہر طبقے تک پہنچی ہوئی تھیں۔نماز جنازہ سے قبل مختصر مگر پراثر تعزیتی اجتماع منعقد ہوا جس میں مقررین نے ملک صفدر علی اعوان کی سادگی، خوش اخلاقی، اصول پسندی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم نے کبھی دکھاوے اور نمود و نمائش کی راہ اختیار نہیں کی، بلکہ خاموشی سے لوگوں کے دکھ درد بانٹنے کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے رکھا۔ وہ ان چند لوگوں میں سے تھے جن کا کام بولتا تھا اور کردار گواہی دیتا تھا۔اس موقع پر مرحوم کے عزیز و اقارب، سینئر قانون دان شیر زمان اعوان ایڈووکیٹ اور ریٹائرڈ ایڈیشنل سیکرٹری عبدالقیوم اعوان، ذولفقار علی اعوان، مسعود احمد اعوان ایڈووکیٹ، چوہدری محمد نزیر، مشتاق جوش، یونائیٹیڈ پاکستان کے مفتی عبدالروف نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک صفدر علی اعوان کی زندگی ہمارے لیے ایک سبق ہے۔ سادگی، اصول پسندی اور مخلصانہ خدمت کا جو معیار انہوں نے قائم کیا، وہ آج کے دور میں کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔مرحوم کے فرزند ذوالفقار علی اعوان نے تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نہایت جذباتی انداز میں والد کی خدمات اور قربانیوں کو یاد کیا اور حاضرین کے روبرو اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے والد کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خدمتِ خلق کا جو جذبہ ان کے والد کے دل میں تھا، وہی ان کے خاندان کی آئندہ راہ ہوگی۔تعزیتی ریفرنس سے سابق وزیر حکومت مصطفیٰ بشیر عباسی، رفاقت اعوان، مبشر منیر اعوان، چوہدری محمد نزیر، ممتاز ماہر تعلیم مشتاق جوش سمیت دیگر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک صفدر علی اعوان جیسے لوگ معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے جانے سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔ ایسے افراد کی زندگی میں قدر کرنا سیکھنا چاہیے کیونکہ ان کی موجودگی ہی برکت اور خیر کا باعث ہوتی ہے۔چیف آفیسر ضلع کونسل مظفرآباد محترمہ مہ جبین عباسی نے سب انجینئر ضلع کونسل ذولفقار علی اعوان سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی ہے انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی ہے دریں اثناء سابق صدر تنظیم الاعوان اور موجودہ صدر تنظیم بنو ہاشم ڈاکٹر زولفقار علی اعوان نے اپنے تعزیتی پیغام میں ملک صفدر علی اعوان کی سیاسی سماجی علاقائی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی ہے نماز جنازہ میں ضلع کونسل کے آفیسران و ملازمین صاحبزادہ عمر یوسف، خواجہ ذولقرنین، راجہ نصیر خان، جمیل اعوان، سجاد اعوان شمریز مغل، طاہر رحیم مغل، ضیاء الرحمان فر زمان، سابق نگران یونس اعوان نے بھی شرکت کی، ملک صفدر علی اعوان کی تدفین مقامی قبرستان میں عمل میں آئی جہاں ہر آنکھ اشکبار تھی۔ دعاؤں، آہوں اور خاموشی کے ساتھ ان کی میت کو آخری آرام گاہ تک پہنچایا گیا۔ ان کی قبر پر ہر آنے والے نے ایک ہی بات کہی: ”ایسے لوگ روز روز پیدا نہیں ہوتے۔“مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ علاقہ بھر سے لوگ ان کے گھر جا کر تعزیت کر رہے ہیں، ان کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور ان کی نیکیوں کو یاد کر رہے ہیں۔ گاؤں کے بزرگ، نوجوان، خواتین اور بچے سب ہی اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ملک صفدر علی اعوان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی زندگی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ انسان کے مرنے کے بعد بھی اس کے اچھے اعمال، کردار اور محبتیں زندہ رہتی ہیں۔ ان کی یادیں اور سادہ طرزِ زندگی آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے، اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ ان کے پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے اور انہیں یہ حوصلہ دے کہ وہ مرحوم کے مشن کو جاری رکھ سکیں۔ آمین۔

Related Articles

Back to top button