مسلم کانفرنس کے 93ویں یومِ تاسیس پر باغ میں پروقار تقریب

باغ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)آزاد کشمیر کی قدیم و تاریخی سیاسی جماعت مسلم کانفرنس کے 93ویں یومِ تاسیس کے موقع پر باغ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت مسلم کانفرنس کے مرکزی سینئر نائب صدر سردار عبدالرشید چغتائی ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ اس موقع پر ضلعی صدر سردار مشتاق نیئر، جنرل سیکرٹری راجہ حامد منظور، ایڈوکیٹ، خالد اکبر عباسی ایڈوکیٹ،ظفر اقبال عباسی، کیپٹن (ر) سردار ممتاز حسین، خالد امیر گردیزی، سید فرجاد گردیزی، سید عمر گلانی اور حمید عباسی،خواجہ اقبال، سمیت دیگر عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی،مسلم کانفرنس کے 93ویں یومِ تاسیس کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں مسلم کانفرنس کی تاریخی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت آزاد کشمیر کی واحد خالق و نمائندہ سیاسی جماعت ہے جس نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی کشمیری عوام کے سیاسی شعور کو بیدار کیا اور اُنہیں آزادی کی راہ دکھائی۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی بنیاد پتھر مسجدسری نگر میں رکھی گئی جہاں سے مجاہدِ اوّل سردار محمد عبدالقیوم خان، رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس اور سردار عتیق احمد خان سمیت دیگر رہنماؤں نے الحاق پاکستان کے نعرے کو عملی جدوجہد میں بدل دیا۔یہی وہ جماعت ہے جس نے کشمیر کی آزادی، پاکستان کے استحکام اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔